شدید عوامی ردعمل کا خدشہ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا امکان
اسلام آ باد (آن لائن) وفاقی حکومت کی طرف سے شدیدعوامی ردعمل کے پیش نظرنئے سال کے آغاز پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا امکان ہے، حکومت سبسڈی دے گی، حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ میڈیا رپو رٹ کے مطا بق بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ردوبدل کے باعث یکم جنوری 2014 سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2سے ڈھائی روپے فی لیٹراضافہ بنتاہے جس کے لئے سمری تیاری کے آخری مراحل میں ہے تاہم شدید عوامی ردعمل کے خطرے کے پیش نظروزارت پٹرولیم کی ہدایت پرقیمتیں بڑھانے کی بجائے موجودہ قیمتیں ہی برقراررکھنے کی حکمت عملی پر غور ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ اوگرانے پٹرولیم مصنوعات کی ٹرانسپورٹیشن لاگت میں بھی اضافے کی تجویزمسترد کر دی ہے اورموجودہ ٹرانسپورٹیشن کاسٹ ہی برقرار رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ وزارت پٹرولیم نے مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لئے ڈالرکی قیمت میں کمی کوبھی ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔