• news

پہلی ترجیح انرجی ہے ‘ بجلی اور گیس چور ملک و قوم کے دشمن ہیں : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے حکومت مختلف منصوبوں کو تیزرفتاری سے آگے بڑھا رہی ہے اور توانائی کے حصول کے نئے منصوبے لگانے کیلئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں اور مراعات دی جا رہی ہیں۔ بجلی اور گیس کی کمی پوری کرنے کیلئے صحیح سمت میں برق رفتاری سے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی بحران میں کمی لانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور اس ضمن میں ملکی اور غیرملکی توانائی کی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں سے متعدد معاہدے کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار  مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کی کمی کا سامنا ہے جس سے زندگی کا ہر شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ زراعت، صنعت اور تجارت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ سابق حکمرانوں کی کرپشن، غلط پالیسیوں اور مجرمانہ غفلت کے باعث توانائی کا بحران پیدا ہوا تاہم مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے آتے ہی اس اہم مسئلے کے حل کیلئے مخلصانہ کاوشیں کیں۔ توانائی کے شعبہ میں 480 ارب روپے کے واجب الادا گردشی قرضے ادا کئے گئے جبکہ بجلی اور گیس چوروں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈائون کا آغاز کیا گیا ہے اور اب تک اربوں روپے کی گیس اور بجلی چوری کا سراغ لگایا گیا ہے۔ بجلی اور گیس چوروں کو بلاتفریق قانون کی گرفت میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس چوری کرنے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا۔ سابق حکمران نیک نیتی کے ساتھ توانائی کے شعبے پر توجہ دیتے تو ملک اور قوم آج لوڈشیڈنگ کے  عذاب سے دوچار نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے اور اس منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ انفراسٹرکچر اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کیلئے دن رات کام کیا جا رہا ہے اور آئندہ برس کے دوران قائداعظم سولر پارک سے ابتدائی طور پر بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوجائیگا۔ بعض غیرملکی کمپنیوں نے بھی قائداعظم سولر پارک میں سولر منصوبے لگانے میںگہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور اس سلسلے میں معاہدے بھی طے پا چکے ہیں۔ نندی پور پاور پراجیکٹ جو سابق حکمرانوں کی طمع اور حرص کے باعث التواء کا شکار ہو گیا تھا، ہماری حکومت نے آتے ہی اس مردہ منصوبے کو زندہ کیا ہے، اگلے برس کے اوائل میں نندی پور پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوجائیگا۔ حکومت 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین کو 155 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے جبکہ آئندہ توانائی کے حصول کیلئے کم پیداواری لاگت کے منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے اور اس مقصد کیلئے کوئلے، بائیوماس، بائیوگیس اور سولر کے ساتھ پانی سے بجلی کے حصول کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر شروع کئے جا رہے ہیں۔ ہماری پہلی ترجیح انرجی،انرجی اور صرف انرجی ہے- وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں توانائی کے حصول کے اہداف کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ہمارے لئے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، وقت ضائع کئے بغیر توانائی کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور انشاء اﷲ ہماری شب وروز کی محنت رنگ لائیگی اور ملک وقوم کو توانائی کے بحران سے نجات ملے گی۔ معیشت کے استحکام، اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے کیلئے توانائی کے بحران کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ عوام کو لوڈشیڈنگ کی اذیت سے نجات دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ دریں اثنا  شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما صلاح الدین پپی کے بھائی بدرالدین عباسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ای پیپر-دی نیشن