راولپنڈی: امام بارگاہ پر فائرنگ‘ 2 پولیس اہلکار جاں بحق‘ ایک زخمی
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ ریس کورس کے علاقہ ڈھوک سیداں برفخانہ چوک کے قریب واقع امام بارگاہ قصر شبیر کے سامنے نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے دو پولیس کانسٹیبل جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا جبکہ ایک راہگیر بھی فائرنگ کی زد میں آنے سے زخمی ہوگیا۔ دن پونے بارہ بجے دو موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم سواروں نے امام بارگاہ قصر شبیر کی سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تین پولیس کانسٹیبلوں عمران وغیرہ پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے حملہ آور کالے کپڑوں میں ملبوس تھے فائرنگ سے ارد گرد موجود لوگوں میں افراتفری مچ گئی جو جانیں بچانے کیلئے ادھر ادھر بھاگنے لگے فائرنگ سے دو کا نسٹیبل عمران اور ظہیر عباس موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ کانسٹیبل فہیم عباس اور ایک راہگیر محمد سعید شدید زخمی ہوئے ہیں پولیس نے واردات کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کی گئی جاں بحق کانسٹیبلوں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی جس میں آئی جی پنجاب خان بیگ ، سی پی او اختر عمر لالیکا بھی شریک ہوئے ۔ ایس ایس پی آپریشن میاں مقبول نے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی کے بعد مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی بڑھاتے ہوئے اے ایس آئی کی سربراہی میں گیارہ گیارہ پولیس اہلکار تعینات کئے گئے جو کانسٹیبل جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں ان کے پاس اسلحہ نہیں بلکہ آنسو گیس کے شیل تھے جبکہ امام بارگاہ قصر شبیر کی چھت پر پولیس اہلکار مسلح کھڑا تھا تاہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ وہ جوابی فائرنگ کیوں نہیں کر سکا۔ سی پی او نے کہا کہ واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اس امام بار گاہ پر پہلے بھی جلوس کے موقع پر خود کش دھماکہ ہوا تھا جس کے بعد اب یہ واقعہ پیش آیا ہے۔