• news

ایجنسیوں کی رپورٹ یا شکایت واہگہ بارڈر پر ایڈیشنل کلکٹر سے کلرک تک سارا عملہ تبدیل

لاہور (خبرنگار) چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کے احکامات پر نصف شب کے وقت واہگہ بارڈر پر پاکستان بھارت تجارت کے حوالے سے ڈیوٹی دینے والے ایڈیشنل کلکٹر، ڈپٹی کلکٹر، سپرنٹنڈنٹوں، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹوں، انسپکٹروں، کلرکوں کو تبدیل کر دیا گیا۔ کلکٹر کسٹم لاہور جنید اکرم نے چیئرمین ایف بی آر کے احکامات پر اتوار کی شام دفتر کھلوایا اور عملے کو طلب کرکے نصف شب کے وقت یہ احکامات جاری کئے۔ کسٹم ذرائع کے مطابق ماضی میں کبھی ایسا واقعہ نہیں ہوا رات گئے اس طرح احکامات جاری ہوئے ہوں۔ اندرونی ذرائع کے مطابق ’’شکایت‘‘ اعلیٰ ترین سطح سے ’’آئی‘‘ ہے جس کے بعد ایڈیشنل کلکٹر سے کلرک تک کسی کو بھی ’’معافی‘‘ نہیں ملی۔ کسٹم کے بعض افسران کے مطابق کارروائی ’’ایجنسیوں‘‘ کی رپورٹ پر کی گئی ہے۔ لینڈ فریٹ یونٹ (ایل ایف یو) واہگہ سے ہٹائے جانیوالوں میں ایڈیشنل کلکٹر سعدیہ منیب، ڈپٹی کلکٹر شفیق الرحمن، توقیر ڈار، دلمیر احمد ملک، اعجاز شاہین، فیاض احمد، امتیاز حسین خان، ناصر محمود تارڑ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عرفان خالد، محمود سعید، منصور انور خان، مظہر عباس شاہ، محمد اصغر، مجاہد حسین شاہ، ناصر مرتضیٰ، ربنواز ملک اور 25انسپکٹر شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن