• news

لیور ٹرانسپلانٹ سنٹر کا خوش آئند منصوبہ

لیور ٹرانسپلانٹ سنٹر کا خوش آئند منصوبہ

پنجاب حکومت نے چلڈرن ہسپتال میں بچوں کیلئے جدید سہولتوں سے آراستہ لیور ٹرانسپلانٹ سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیور ٹرانسپلانٹ سنٹر میں بیرون ملک سے تربیت یافتہ ڈاکٹر، نرسز اور دیگر پیرا میڈیکس سٹاف کو تعینات کیا جائیگا۔ حکومت پنجاب صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اس سلسلے میں تمام ہسپتالوں میں نئے بلاکس کی تعمیر اور ہسپتالوں میں جدید مشینری کی تنصیب ہے۔ نئی نسل اور معصوم بچوں کو صحت کیلئے جدید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے لیور ٹرانسپلانٹ سنٹر کا قیام عمل میں لانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے 7 روز میں سفارشات پیش کرنے کو کہا ہے جو خوش آئند ہے اس سے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور کم وسیلہ افراد پرائیویٹ لیبارٹریوں میں جانے کی بجائے یہیں سے استفادہ کر سکیں گے۔ پنجاب حکومت صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے اس سے قبل جب ڈینگی کی وبا پھیلی تب بھی پنجاب حکومت نے شب و روز محنت کر کے اس پر قابو پایا تھا اس وقت لاہور شہر کی آبادی تقریباً ایک کروڑ سے بڑھ گئی ہے لیکن سرکاری ہسپتال وہی پرانے ہیں، حکومت کو آبادی کی بڑھتی تعداد کو سامنے رکھتے ہوئے جدید سہولتوں سے مزین سرکاری ہسپتال بھی قائم کرنے چاہئیں تاکہ عوام رش سے بچ کر آرام سے اپنا علاج کروا سکیں اور تمام پرانے ہسپتالوں میں جدید مشینری بھی لگانی چاہئے تاکہ عوام پرائیویٹ” مسیحاﺅں“ کی بھاری فیسوں سے بچ سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن