اسلام آباد ہائیکورٹ نے جمعہ سے جڑواں شہروں میں سی این جی سٹیشن کھولنے کا حکم دے دیا
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جمعہ سے جڑواں شہروں میں سی این جی سٹیشن کھولنے کا حکم دے دیا۔ پیر کے روز سی این جی کھولنے سے متعلق حکم امتناعی ختم کرنے کی حکومت کی درخواست پر سماعت جسٹس شوکت صدیقی نے کی۔ عدالت نے حکم امتناعی ختم کرنے کی درخواست پر سی این جی مالکان کو نوٹس جاری کیا اور حکم امتناعی برقرار رکھتے ہوئے سماعت 3 جنوری تک ملتوی کر دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے راولپنڈی اسلام آباد میں 3 دن سی این جی سٹیشن کھولنے کا حکم دیا تھا۔ جسٹس شوکت صدیقی نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ایک سی این جی پمپ کے لئے کم از کم 5، 7 کروڑ خرچ ہوتا ہے، 60، 70 خاندان متاثر ہوتے ہیں، اوگرا اس وقت سو رہا تھا جب دھڑا دھڑ سی این جی لائسنس جاری کئے گئے، اس وقت سیاسی لوگوں کی سفارشوں پر لائسنس جاری کئے گئے، اب کہہ رہے ہیں سپلائی اور ڈیمانڈ میں فرق آ گیا ہے، کیا سوئی ناردرن نے کسی ایک لائسنس کو چیلنج کیا، عدالت کا کام حکومت اور عوام میں توازن قائم کرنا ہے۔