• news

پہلے مرحلے میں 13 لاکھ سے زائد کم وسیلہ خاندانوں کو براہ راست سبسڈی دیں گے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر)وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے کے انتہائی کم وسیلہ خاندانوں پر معاشی بوجھ کم کرنے کیلئے براہ راست ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرنے کے انقلابی پروگرام کا آغاز کر رہی ہے جس کیلئے اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں۔ پنجاب خدمت پروگرام کے ذریعے پہلے مرحلے میں 13 لاکھ سے زائد کم وسیلہ خاندانوں کو براہ راست ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی اور اس پروگرام پر انتہائی شفاف طریقے سے عملدرآمد کیلئے خصوصی خدمت کارڈ جاری کئے جائیں گے جس کے ذریعے کم وسیلہ خاندان ماہانہ ایک ہزار روپیہ نقد حاصل کرسکیں گے۔ وہ گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محروم معیشت طبقات کی فلاح و بہبود اور انہیں ریلیف فراہم کرنا حکومت کا اولین ایجنڈا ہے اور اس نیک مقصد کے حصول کیلئے صوبائی حکومت نے پنجاب خدمت کارڈ کے ذریعے انتہائی کم وسیلہ خاندانوں پر معاشی بوجھ کم کرنے کیلئے براہ راست ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا پروگرام تشکیل دیا ہے جس پر اگلے برس 2014ء سے عملدرآمد شروع کیا جا رہا ہے۔ انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کا ڈیٹا شفاف طریقے سے مرتب کیا گیا ہے اور ایسے خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی کیلئے خصوصی خدمت کارڈ جاری کئے جائیں گے اور ان کارڈز پر مالی معاونت حاصل کرنے والے خاندان کے سربراہ کا نام اور کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر درج ہوگا۔ سبسڈی دینے کیلئے جاری کیا جانے والا خصوصی خدمت کارڈ 5 برس کیلئے کارآمد ہوگا۔ پنجاب خدمت پروگرام پر شفاف طریقے سے عملدرآمد کیلئے جدید مانیٹرنگ نظام وضع کیا جائے گا اور اس ضمن میں تھرڈ پارٹی آڈٹ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا۔ آئندہ 5 برس کے دوران سابق دور سے بڑھ کر عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے پروگرام پر عملدرآمد کریں گے۔ خدمت کارڈ پروگرام کے ذریعے انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرنے کیلئے رواں مالی سال 6 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے اور اگلے مالی سال کے دوران ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرنے کے پروگرام کیلئے مزید وسائل مختص کریں گے۔ وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کو سبسڈی فراہم کرنے کے پروگرام پر جلد سے جلد عملدرآمد کیا جائے تاکہ محروم معیشت طبقات کو ریلیف مل سکے۔ غریب ترین افراد کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن قدم اٹھانے کے ساتھ تمام ضروری وسائل بھی فراہم کئے جائیں گے۔ خدمت کارڈ کے ذریعے سبسڈی کے پروگرام پر عملدرآمد کیلئے ادارہ جاتی میکانزم کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ پروگرام پر شفاف انداز سے تیز رفتاری کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے اور انتہائی کم وسیلہ افراد کے ریکارڈ کو نہ صرف مستقل بنیادوں پر محفوظ بنایا جاسکے بلکہ مستقبل میں بھی اس ڈیٹا سے استفادہ کیا جاسکے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلی کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے پروگرام کے اہم خد و خال اور انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کے ریکارڈ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن