وزیراعظم کی عرب امارات کے صدر سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
رحیم یار خان (آئی این پی+ اے پی اے) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کیساتھ سٹرٹیجک تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ایکسپو 2020ء کا دبئی میں انعقاد پاکستان کیلئے فخر کی بات ہے‘ پاکستان میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سازگار ماحول پر اعتماد کی مظہر ہے۔ وہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیاگیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کیساتھ سٹرٹیجک تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو 2020ء کا دبئی میں انعقاد پاکستان کیلئے فخر کی بات ہے۔ پاکستان متحدہ عرب امارات سے تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور متنوع بنانا چاہتا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی ترقی کے لئے اپنا اہم کردار جاری رکھیں گے۔ دریںاثناء اے پی اے کے مطابق ملاقات کیلئے وزیراعظم نوازشریف اسلام آباد سے رحیم یار خان کیلئے پہنچے تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران سابق صدر پرویز مشرف کا معاملہ بھی زور غور آیا۔