• news

معاشی حالات بہتر ہونگے، گرہن سیاسی تنازعات کا موجب بن سکتے ہیں: یاسین وٹو

لاہور (خصوصی رپورٹر) ماہر علم الاعداد، علم اسمائ، علم نجوم، دست شناس محمد یاسین وٹو نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے مشرف کو سزا کا امکان نہیں، وہ ملک سے باہر چلے جائیں گے۔ پاکستان بھارت جنگ ہو گی نہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کا امکان ہے۔ حکومت طالبان مذاکرات کی بیل منڈھے نہیں چڑھ سکے گی۔ یاسین وٹو نے مزید  کہا ہے سال 2014 کا سورج اپنے اندر خیر و شر سموئے طلوع ہونے کو ہے چونکہ 2014 کا مفرد عدد 7 بنتا ہے جو علم الاعداد کی رُو سے سعد اور روحانی نمبر ہے لہٰذا 2014 کو روحانی سال کہنا بے جا نہ  ہوگا۔ اس سال میں خیر کے پہلو یہ ہیں کہ جمہوریت قائم رہے گی اور مریخ کی پوزیشن کی بدولت عدلیہ، فوج اور پارلیمان کی تثلیت بہتر طریقے سے کام کرسکے گی۔ یاسین وٹو نے مزید کہا کہ  2014 کے پہلے تین ماہ کے بعد بیرونی دنیا میں  پاکستان کے سفارتی تعلقات بہتر ہونگے تاہم امریکی فوج کے انخلاء کے امکانات روشن نہیں۔ اس انخلاء کے نہ ہونے کے باعث مغربی سرحدوں پر شورش جاری رہے گی لہٰذا امریکی اور مغربی دبائو موجود رہے گا۔ علاقائی سطح پر پاکستان کو اگست میں بہتر پوزیشن حاصل ہونے کا امکان ہے۔ پاکستان خود برجِ اسد ہے لہٰذا ان ایام میں پاکستان کی غیر دفاعی اور جارحانہ سفارتکاری اسے  علاقائی ممالک میں ممتاز کرسکتی ہے۔ ایران کی امریکہ کے ساتھ قربت کے باعث پاکستان کیلئے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں جبکہ بھارت امریکہ سے نظرانداز ہوکر علاقائی تعاون کیلئے چین اور پاکستان کے قریب آئے گا۔ پاکستان کے چین کے ساتھ تعلقات پرانی گرمجوشی پر نہیں رہیں گے، کچھ مسلح تنظیمات کی وجہ  سے پاکستان چین تعلقات سرد مہری کا شکار ہوسکتے ہیں۔ توانائی بحران میں 14 اگست کے بعد سے خاطر خواہ کمی کا امکان ہے۔ مشتری اور مریخ کی پوزیشن کے حساب سے پاکستان کھیلوں کے میدان میں منفرد اور ممتاز رہے گا۔ یاسین وٹو نے مزید کہا ہے موجودہ چیف جسٹس کو افتخار چوہدری کی طرح مشکل حالات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ برجِ سرطان ہونے کے باعث جسٹس تصدق کرپشن کیخلاف سرگرم عمل ہونگے۔ بعض فیصلے حکومتی پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں۔ 2014 بھارت کے اندر تخریبی عوامل سر اٹھائیں گے جس کی وجہ سے بھارت کے ٹکڑے بھی ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری کی نوید نظر آتی ہے۔ روپے کی قدر دوسری سہ ماہی اور چوتھی سہ ماہی میں بہتر رہے گی۔ سال کے پہلے ماہ میں ہونے والے مقابلوں کے علاوہ باقی مقابلے ہمارے حق میں بہتر ہونگے۔ بین الاقوامی مقابلے پاکستان میں کرانا مطلوب ہوں تو ستمبر کے بعد موزوں رہیں گے۔ یاسین وٹو نے مزید کہا ہے اب اس سال میں شر کے پہلو دیکھے جائیں تو اس سال میں لگنے والے چاند اور سورج گرہن اسکی بڑی وجہ ہیں۔ نبی اکرمؐ نے گرہنوں کے وقت میں نمازِ کسوف ادا کی لہٰذا ہمیں بھی ان کے بد اثرات سے بچنے کیلئے صدقہ و عبادات کا اہتمام کرنا چاہئے۔ اس سال میں 15 اپریل کو لگنے والا چاند گرہن آفاتِ سماوی اور متعدی امراض کے پھیلائو کا باعث بن سکتا ہے۔ ڈینگی اور پولیو کا مسئلہ سر اٹھا سکتا ہے۔ اپریل کی 29 کو لگنے والا سورج گرہن ملک میں سیاسی تنازعات، سول نافرمانی اور جلائو گھیرائو کی صورتحال کا موجب بن سکتا ہے۔ 24اکتوبر کو لگنے والا سورج گرہن آفات سماوی اور سیاسی خلفشار دونوں کا مجموعہ ہوسکتا ہے۔ ان ایام میں ذاتی اور اجتماعی سطح پر توبہ و استغفار کی ضرورت ہے۔ قومی سطح پر جولائی، اگست اور ستمبر کے مہینے ایسے ہیں کہ ان میں فیصلے کرنے سے پہلے قومی اتفاق رائے اور دانش مندی ضروری ہے۔ 2014 کا سال موسیقی اور فنونِ  لطیفہ، خصوصاً فلمی صنعت کیلئے احیاء کا سال ہے۔

ای پیپر-دی نیشن