کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی الیکشن‘ وزارت دفاع کو 2 ہفتے میں انتظامات کا حکم‘ بائیو میٹرک سسٹم کے نفاذ کیلئے کمیٹی تشکیل
اسلام آباد (خبرنگار+ آن لائن) الیکشن کمشن نے وزارت دفاع کی جانب سے کنٹونمنٹس میں بلدیاتی الیکشن کے لئے 75 روز کی مہلت دینے کی درخواست مسترد کر دی۔ دوسری طرف سندھ میں حلقہ بندیاں کالعدم ہونے کے بعد انتخابی فہرستیں دوبارہ تیار کرنا پڑیں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ وزارت دفاع حکام نے بتایا کہ کنٹونمنٹ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق قانون کا مسودہ وزیراعظم کے پاس ہے۔ بل منظور ہونے کے بعد وزارت دفاع کو انتخابات کی تیاری کے لئے75 روز کا وقت چاہئے۔ الیکشن کمشن نے وزارت دفاع حکام کی درخواست مسترد کر دی اور سیکرٹری داخلہ کو اسلام آباد جبکہ سیکرٹری دفاع کو کنٹونمنٹ میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات دو ہفتوں میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں ڈی جی الیکشن شیر افگن نے کہا ہے کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تبدیل کرنے کے حوالے سے ابھی فیصلہ نہیں ہوا، سندھ نے ابھی تک الیکشن کمشن سے رابطہ نہیں کیا،خیبر پی کے میں بائیومیٹرک سسٹم رائج کرنے کا فیصلہ کرنے کے لئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے،الیکشن کمشن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بائیومیٹرک سسٹم کی جانچ کے لئے نادرا، الیکشن کمشن کے آئی ٹی سیکشن،صوبائی الیکشن کمیشن اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو مشین کی اہلیت،قیمت اور سسٹم رائج کرنے پر اٹھنے والے خرچ کا اندازہ لگا کر ایک ہفتہ میں رپورٹ دے گی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے سندھ کے شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا سپریم کورٹ میں موقف کے بعد شیڈول میں تبدیلی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔