• news

تھری جی لائسنس کی نیلامی مارچ تک کرنے کا فیصلہ‘ ایکنک نے لیپ ٹاپ سکیم‘ کچھی کینال‘ منگلا ڈیم کی توسیع سمیت 10 منصوبوں کی منظوری دیدی

اسلام آباد (آئی این پی + نمائندہ خصوصی) قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) نے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم‘ کچھی کینال منصوبے کا نیا پلان اور منگلا ڈیم توسیعی منصوبے و پاور ہائوس کے منصوبے سمیت 218 ارب 55 کروڑ روپے کے دس منصوبوں کی منظوری دیدی۔ وزیراعظم یوتھ سکیم کے تحت بی اے پاس نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔ کچھی کینال پر فیز1 منصوبے پر نئے تخمینے کے مطابق 57 ارب 56 کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ منگلا ڈیم توسیعی منصوبے پر 52 ارب روپے لاگت آئے گی‘ ایکنک نے کچھی کینال بارے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمشن احسن اقبال کی زیر صدارت ذیلی کمیٹی کی رپورٹ بھی منظور کر لی۔ منگل کو قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوا۔ ایکنک اجلاس میں وزیراعظم یوتھ سکیم کے تحت بی اے‘ بی ایس سی و انجینئرنگ ڈپلومہ ہولڈر طلبا و طالبات میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی منظوری دی گئی جس پر 4 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ ’’تعلیم سب کیلئے‘‘ پروگرام کے تحت سکول تعمیر کرنے کے ایک ارب 22 کروڑ 40 لاکھ روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی جبکہ گلگت شہر کو بجلی فراہم کرنے کا 14 میگاواٹ کا نلتر کا منصوبہ بھی ایکنک نے منظور کرلیا جس پر 3 ارب 84 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ ایکنک کے اجلاس میں ضلع اپردیر میں 150 میگاواٹ کے شرمئی ہائیڈرو پاور منصوبے‘ 132 میگاواٹ کے شوگوسین ہائیڈرو پاور منصوبے‘ چترال میں 144 میگاواٹ کے شوشگئی جنڈول ہائیڈرو پاور منصوبے کی بھی منظوری دی گئی جن پر 9 ارب 16 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ مذکورہ منصوبوں کیلئے خیبر پی کے حکومت فنڈز فراہم کرے گی۔ منگلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی استعداد 1000 میگاواٹ سے بڑھا کر 1310 میگاواٹ کی جائے گی‘ کی منظوری دی ہے جس پر 52 ارب 22 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس کیلئے یو ایس ایڈ 15 کروڑ ڈالر کی امداد دے گی اور جاپانی ادارے جائیکا سے 21 کروڑ 70 لاکھ ڈالر قرضہ لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت ایڈوائزری کمیٹی نے تھری جی لائسنس کی نیلامی مارچ 2014ء تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کو تھری جی لائسنس کی نیلامی اور ٹیلی کام کے شعبے میں گرے ٹریفکنگ کی روک تھام کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا جبکہ اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی زاہد حامد‘ وزیر مملکت انوشہ رحمن‘ چیئرمین پی ٹی اے سید اسماعیل شاہ‘ سیکرٹری آئی ٹی اخلاق تارڑ و دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں تھری جی لائسنس کی نیلامی کیلئے روڈ شو منعقد کرنے اور نیلامی مارچ 2014ء تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آزاد جموں و کشمیر کونسل کے ارکان سے ملاقات کی جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر حکومت کو مدد دینے کے لئے پرعزم ہے تاہم توقع ہے کہ آزاد کشمیر حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پر بھی عمل کرے گی۔ اگرچہ ریونیو میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم اب بھی ماضی کی بھاری مالی ذمہ داریوں کا سامنا ہے۔ وزیر خزانہ نے زور دیا کہ ماضی میں ترقیاتی منصوبوں کے جو وعدے کئے گئے ہیں ان کے بارے ازسرنو غور بھی کیا جائے اور اخراجات کو جمع شدہ ریونیو کے 20 فیصد کے مساوی رکھا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن