عالمی برادری پاکستان کی سالمیت‘ خودمختاری کا احترام کرے: چین
اسلام آباد (ثناء نیوز + ایجنسیاں) پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈونگ نے کہا ہے کہ عالمی برادری پاکستان کی داخلی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرے۔ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حکمت عملی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکا ملک دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی حکمت عملی کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کو ہرممکن معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں، ارکان پارلیمنٹ، مقامی حکومتوں، تھنک ٹینکس، نوجوانوں اور ذرائع ابلاغ کے وفود کے تبادلے بڑھانے سے پاکستان اور چین کے درمیان سٹرٹیجک تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، چینی کمپنیاں پاکستان کے بجلی پیدا کرنیوالے پانی، تھرمل، شمسی، ہوا اور ایٹمی توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔ اسکے علاوہ دونوں ممالک دفاع، سمندری سلامتی اور زرعی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تعلقات اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کیلئے چینی سفارتخانہ نے سال 2013ء میں 52 ہزار پاکستانیوں کو ویزے جاری کئے جو گزشتہ برس کی نسبت 20 فیصد زیادہ ہیں۔ امید ہے کہ 2014ء کے دوران بھی دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔ دونوں ممالک کی حکومتوں کی کوششوں سے سٹرٹیجک تعلقات مزید مضبوط اور باہمی تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر سے بڑھ گیا ہے۔ پاکستان کا مستقبل انتہائی تابناک ہے ہمیں پاکستان کا دوست بننے پر فخر ہے اور پاکستان کی مضبوطی اور داخلی صورتحال کی بہتری پر یقین رکھتے ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان نیوکلیئر ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبہ میں تعاون کررہا ہے تا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک اور سیکورٹی کے شعبہ میں باہمی تعاون انتہائی مثبت رہا جبکہ دونوں ممالک افغانستان میں امن کے قیام کے عمل میں بھی کام کر رہے ہیں۔ چین پاکستان کی سیکورٹی اور جغرافیائی مفاد کو یقینی بنانے کیلئے مکمل تعاون کریگا۔