زرداری کلفٹن اور نوڈیرو کے راستے بند کروا کر شہریوں کے لئے عذاب بنا ہوا ہے: ممتاز بھٹو
کراچی (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعلیٰ سندھ سردار ممتاز علی خان بھٹو نے کہا ہے کہ زرداری نے کلفٹن میں عام راستے پر قبضہ کر کے جس طرح کراچی کے شہریوں کو تنگ کر رکھا ہے اسی طرح وہ نوڈیرو جیسے چھوٹے شہر میں بھی راستوں کو بند کروا کر شہریوں کے لئے بڑا عذاب بنا ہوا ہے حالانکہ اسی راستے پر بھٹو شہید کی بڑی زوجہ امیر بیگم کی حویلی ہے جو انہوں نے شہید مرتضیٰ اور شہید شاہنواز کو دی تھی۔ منگل کو اپنے بیان میں ممتاز بھٹو نے کہا کہ امیر بیگم نے مجھے ایک خط کے ذریعے اس کی اطلاع بھی دی تھی جو خط میرے پاس اب بھی موجود ہے لیکن زرداری نے اس گھر پر زبردستی قبضہ کر کے سرکاری خرچے پر ابھی تک ایوان صدر بنایا ہوا ہے۔