• news

زرداری، نوازشریف، نثار سمیت رہنماؤں کی اہلیت سے متعلق درخواست واپس

لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے سابق صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم نوازشریف اور چودھری نثار سمیت اعلیٰ سیاسی رہنماؤں کو نااہل قرار دینے کے لئے دائر درخواست واپس لئے جانے کی بنا پر نمٹا دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے روبرو یہ درخواست فاخر ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آصف علی زرداری اور میاں نوازشریف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کے خلاف متعدد مقدمات ہیں جبکہ اقرباپروری اور کرپشن کے الزامات کی وجہ سے یہ سیاسی رہنما آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے اس لئے عدالت نے تاحیات نااہل قرار دے۔ درخواست گذار کی جانب سے گذشتہ روز استدعا کی گئی کہ وہ اپنی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے کیس نمٹا دیا۔آن لائن کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں آصف علی زرداری اور وزیراعظم نوازشریف کیخلاف دائر درخواست میں ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام کے مولانا فضل الرحمن کو فریق بنایا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن