دوستانہ تعلقات کی بحالی کیلئے پاکستان اور بھارت کو سنجیدہ انداز فکر اپنانا چاہئے: سلمان بشیر
سری نگر (کے پی آئی) پاکستان کے بھارت میں تعینات ہائی کمشنر سلمان بشیر جو کہ اب سبکدوش ہونے والے ہیں نے پاکستان، بھارت بہتر تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوستانہ تعلقات کی بحالی کے لئے نئی دہلی اور اسلام آباد کو اب سنجیدہ اپروچ اختیار کرنا چاہئے ۔کولکتہ کے پریس کلب میں اخبار نویسوں سے بات چیت میں سلمان بشیر نے کہا کہ پاکستان، بھارت کے بہتر تعلقات میں کئی رکاوٹیں ہیں جن کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں دونوں ملکوں کی طرف سے فوجی سطح پر اعتماد بڑھانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے کافی امیدیں پیدا ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا دونوں ملکوں کے مفاد میں یہی ہے کہ تعلقات بہتر رہیں اور پر امن بات چیت کا سلسلہ جاری رہے تاکہ تمام مسئلوں اور تنازعات کو مذاکراتی عمل سے حل کیا جائے۔