یونیورسٹیوں کے اختیارات گورنر سے لیکر صوبائی وزیر تعلیم کو دینے کی کوششیں جاری
لاہور (مبشر حسن+ نیشن رپورٹ) پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں کے اختیارات صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کو دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور جو یونیورسٹیوں کے چانسلر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں کے اختیارات کم کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو سمری بھی منظوری کیلئے بھجوائی گئی ہے کہ اس حوالے سے اصول و ضوابط میں تبدیلیاں کی جائیں۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اس اقدام سے ناخوش ہیں اور بعض یونیورسٹیوں کے سب کیمپس کھولنے کی مخالفت کرنے پر پچھتا رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے گذشتہ ماہ بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے لاہور میں غیرقانونی سب کیمپس کھولنے کی مخالفت کی تھی۔ مذکورہ یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمشن کی منظوری کے بغیر اور قواعد و ضوابط کے خلاف لاہور میں سب کیمپس قائم کیا تھا اور طلبا و طالبات نے اس میں داخلہ بھی لیا۔ بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے ڈیرہ غازی خان، ساہیوال اور لیہ میں پہلے بھی سب کیمپس کام کر رہے ہیں اور فیسوں کی مد میں کروڑوں کمائے جا رہے ہیں۔ سب کیمپس کھولنے میں کاروباری افراد زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں اور بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے لاہور کیمپس کی مخالفت کرنے پر کاروباری افراد گورنر پنجاب کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم گورنر پنجاب سے چانسلر کے اختیارات کم کروانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔