سردی کی شدت برقرار، سندھ میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں 8جنوری تک توسیع
لاہور+ کوئٹہ+ کراچی (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) لاہور سمیت ملک بھر میں گذشتہ روز بھی سردی کی شدت برقرار رہی جس کے باعث کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سارا دن سرد ہوائیں چلتی رہیں۔ ملک کے بالائی علاقوں میں کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بدستور بند رہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، حکومت سندھ نے سردی میں شدت کے باعث تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں 2سے 8جنوری تک توسیع کر دی ہے۔ وزیر تعلیم سندھ نے کہا ہے کہ 2سے 8جنوری تک سکولوں اور کالجوں میں چھٹیاں ہونگی۔ ادھر وادی سون کے سب سے اونچے مقام سکیسر پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا ہے جبکہ میدانی علاقوں کے ساتھ ساتھ تھل کا ریگستان بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ ادھر کوئٹہ میں شدید سردی کے دوران ایم اے، ایم ایس سی کے طلبا منفی 13ڈگری درجہ حرارت میں زمین پر بیٹھ کر پرچہ دینے پر مجبور ہیں۔ پسرور سے نامہ نگار کے مطابق سائبیریا سے آنے والی سرد ہوائوں اور ورکنگ بائونڈری کے پار مقبوضہ کشمیر میں برفباری کی وجہ سے تحصیل پسرور کی10لاکھ سے زائد آبادی شدید سردی کی لپیٹ میں آ گئی گزشتہ رات پسرور میں درجہ حرارت نقطہ انجماد تک گر گیا ورکنگ بائونڈری کے پار شاہراہ مغل، وادی، جموں ریجن،خطہ پیر پنچال اور خطہ چناب میں برفباری کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کا دنیا سے زمینی اور ہوائی رابطہ منقطع ہو گیا۔ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرنے کی وجہ سے سرینگر کی تاریخی ڈل جھیل بھی منجمد ہو گئی ہے اور لوگ جھیل کے اوپر جمی برف کی تہ پر گھوم پھر کر لطف اٹھاتے رہے۔ ادھر گلگت بلتستان میں دیامر اور غذر میں برف باری جاری رہی۔ مالاکنڈ ڈویژن کے بالائی علاقوں اور شانگلہ میں برفباری سے کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ پنجاب کے کئی شہروں میں بھی یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ کوئٹہ میں منفی 8جبکہ قلات میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 12درجے نیچے گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان سمیت ملک کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں تاہم جمعہ اور ہفتہ کے روز سردی کی شدت میں کسی حد تک کمی کا امکان ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش گڑھی دوپٹہ میں 10 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، سکردو میں 3 اور جہلم میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔دریں اثناء صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ادیب جاودانی نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سکول 5 جنوری تک بند رہیں گے۔ تعطیل میں توسیع کا اعلان سردی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔