• news

اہلسنت والجماعت نے حکومتی یقین دہانی پر کل دھرنوں کا اعلان واپس لے لیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) اہل سنت والجماعت نے سانحہ راولپنڈی اور مولانا شمس الرحمان معاویہ قتل کیس میں ٹھوس اقدامات کی حکومتی یقین دہانی کے بعد کل (جمعہ 3جنوری ) ملک گیر دھرنوں کا اعلان واپس لے لیا۔ اہلسنت و الجماعت کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خادم حسین ڈھلوں نے  گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اہلسنت کیخلاف ہونیوالی جارحیت، سنی حقوق کی مسلسل پامالی، مساجد و مدارس پر حملے،علمائ،طلباء اور سنی عوام کے قتل عام کیخلاف 3 جنوری کو ملک بھرمیں دھرنے دینے کا اعلان کیا تھا۔ سانحہ راولپنڈی، مولانا شمس الرحمن معاویہ قتل کیس اور سانحہ بھکر کے حوالے سے حکومت نے علامہ محمد احمد لدھیانوی کے ساتھ طویل مذاکرات کے بعد اپیل کی کہ دھرنوں کے اعلان کو واپس لیا جائے کیونکہ ایسے دھرنوں سے پاکستان کی معیشت تباہ ہورہی ہے۔ ڈاکٹر ڈھلوں نے بتایا کہ حکومتی وفد نے علامہ محمد احمد لدھیانوی کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ سانحہ راولپنڈی کے ملزمان کو جلد ازجلد سامنے لایا جائیگا اور کڑی سزائوں کے عمل سے گذارا جائیگا۔ مولانا شمس الرحمن معاویہ کیس میں بھی پیشرفت جاری ہے جس سے جلد آگاہ کیا جائیگا۔ راولپنڈی میں چہلم کے جلوس کے موقع پر تمام بے گناہ افراد کو رہا کیا جائیگا۔ ڈاکٹرخادم حسین ڈھلوں نے کہاکہ اہلسنت و الجماعت نے ہمیشہ ملکی امن کو ترجیح دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن