طالبان خود مذاکرات چاہتے ہیں، صلح زیادہ دیر نہیں چلے گی: جنرل (ر) نصیر
لاہور (خبر نگار) دفاعی تجزیہ نگار جنرل (ر) نصیر اختر نے کہا ہے کہ طالبان سے حکومت مذاکرات بھی کرے اور صلح بھی مگر طالبان سے صلح زیادہ دیر نہیں چلے گی۔ مذاکرات میں بہت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ طالبان نے ملک و قوم پر بہت ظلم ڈھائے ہیں اور اب بھی ظلم کررہے ہیں۔ ان سے حکومت اس طرح مذاکرات کرکے کہ اسے شکست نہ ہو بلکہ فتح ہونی چاہئے۔ مولانا سمیع الحق کو طالبان سے مذاکرات کا مینڈیٹ دیئے جانے اور وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر طالبان سے مذاکرات میں ہمیں نقصان پہنچا تو حکومت عوام کے سامنے کس طرح خود کو پیش کریگی۔ طالبان اب خود مذاکرات چاہتے ہیں، انہیں کہیں سے مدد نہیں مل رہی ہے۔ مولانا سمیع الحق انکے نمائندے بن کر سامنے آئے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن فوج کیلئے مشکل نہیں ہے، لوگ جو چاہے بات کرتے رہیں۔ فوج حالات کو سنبھال لے گی۔