ریکارڈ چیک کرایا تو میرے نام پر 7 سمیں نکلیں، غیرقانونی کنکشن بند نہ ہوئے تو تمام نمبرز کے دوبارہ اجراء کا حکم دیدیں گے: شرجیل میمن
کراچی(آن لائن) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ متحدہ قومی وومنٹ کے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ، صحافی ولی خان بابر کے قاتلوں کے وکیل ہیں جن کے تاخیری حربوں سے ولی بابر کیس حل نہیں ہو رہا، وہ سندھ حکومت پر الزام تراشی بند کریں، سندھ میں غیر قانونی سمیں سیلولر کمپنیز نے بند نہ کیں تو سندھ کی تمام موبائل سموں کے دوبارہ اجراء کا حکم دے کر ریکارڈ مرتب کریں گے ، کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن سے چالیس فیصد ٹارگٹ کلنگ کم ہوئی ہے، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کے دور میں 45 پیرول پر رہا کئے گئے خطرناک سیاسی قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، خطرناک قیدیوں کو پیرول پر رہائی دینے والے اس وقت کے وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ کے خلاف کارروائی کا تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ ہائوس میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ سندھ حکومت کے نمائندے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے ملاقات کریں گے اور عدالتوں میں مقدمات کے غیر ضروری التواء پر بات کریں گے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ غیرقانونی سمزکی تصدیق ہوئی تومیرے نام پر بھی 7سم نکلیں، موبائل فون کمپنیاں سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہیں کررہیں، موبائل فون کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی جائے گی جس میں تمام جاری کردہ سموں کو دوبارہ تصدیق کے بعد جاری کرنے کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔