• news

فوجیوں نے مشرف نہیں پاکستان کے دفاع کا حلف اٹھایا ہے: پرویز رشید

اسلام آباد (آن لائن + این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ فوج کسی کا ذاتی ادارہ نہیں، فوجیوں نے حلف پرویز مشرف کے دفاع کا نہیں اٹھایا بلکہ پاکستان کے دفاع کا اٹھایا ہے۔ حکومت مہنگائی روکنے کی کوشش کر رہی ہے اسلام آباد میں ایک  تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرف نے فوج کو تین دفعہ اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کی، پہلے نوکری بچانے کی کوشش کی، دوسری مرتبہ وردی میں منتخب ہونے کیلئے فوج کو استعمال کرنے کی کوشش کی اور اب جرائم سے بچنے کیلئے فوج کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی کسی قبائلی سردار کا لشکر نہیں بلکہ قومی ادارہ ہے وہ ملک و قوم کیلئے اپنی خدمات وقف کرتی ہے۔ کسی فرد واحد کے لئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسیوں سے مہنگائی نہیں بڑھ رہی، مشرف نے جو مہنگائی کی بنیادیں رکھیں تھیں ان کو گرانے کی کوشش کر رہے ہیں اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر 5 ارب 30 کروڑ روپے کی سبسڈی دے گی۔ دریں اثناء ایک انٹرویو میں پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک کی درست سمت کا تعین کر چکے ہیں، اب ترقی کی جانب سفر شروع ہو گیا ہے، بھارت سمیت دنیا کے گلے شکوے دور ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے چھ ماہ کے اندر، نواز شریف حکومت نے ملک کیلئے ایک سمت کا تعین کر لیا ہے۔ دنیا کو پاکستان سے شکایتیں تھیں، ہمارے بھی ناراض تھے۔ اب چھ ماہ کے اندر اندر، برطانیہ کہتا ہے پاکستان کا دشمن، ہمارا دشمن ہے۔ امریکہ پاکستان سے بار بار پوچھتا ہے کہ اقتصادی مشکلات کو ختم کرنے کے سلسلے میں کیا کیا جا سکتا ہے۔ بھارت کے ساتھ بھی بات چیت کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ افغان صدر اب پاکستان کے بارے میں اچھی گفتگو کرتے ہیں۔ دنیا ہمارے مسائل کو سمجھنا شروع ہو گئی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن