• news

لال مسجد کیس، لیگی رہنما جاوید ابراہیم آج جے آئی ٹی کو اپنا بیان ریکارڈ کرائینگے

اسلام آباد (آئی این پی) لال مسجد کے نائب خطیب علامہ عبدالرشید غازی شہید اور ان کی والدہ صاحب خاتون شہید کے قتل کے مقدمے میں  مسلم لیگ (ن)  کے مرکزی رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی جاوید ابراہیم پراچہ  آج جمعرات کو دن بارہ بجے لال مسجد میں اپنا اہم ترین بیان جے آئی ٹی کے رکن افتخار چٹھہ کو ریکارڈ کرائیں گے۔ وہ  اپنا بیان صاحبزادہ ہارون الرشید غازی کے گواہ کے طور پر ریکارڈ کرائیں گے۔ واضح رہے  جاوید ابراہیم پراچہ نے جولائی 2007ء میں لال مسجد و جامعہ حفصہ کے خلاف ہونے والے آپریشن کے دوران مصالحت کے لئے اہم کردار ادا کیا تھا۔ جاوید ابراہیم پراچہ 3جولائی کو لال مسجد آپریشن کے آغاز سے 10جولائی2007ء کو آپریشن کے اختتام تک لال مسجد و جامعہ حفصہ کے قریب موجود تھے۔ جاوید ابراہیم پراچہ لال مسجد آپریشن کے اہم ترین عینی شاہد ہیں۔ جاوید ابراہیم پراچہ کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ ’’میں لال مسجد آپریشن کی پہلی گولی سے لیکر آپریشن کی آخری گولی تک کا عینی شاہد ہوں‘‘۔ اس لحاظ سے جاوید ابراہیم پراچہ کا بیان عبدالرشید غازی قتل کیس میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن