• news
  • image

بلاول مت بھولیں زرداری نے پاگل پن کے سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کئے : متحدہ

بلاول مت بھولیں زرداری نے پاگل پن کے سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کئے : متحدہ

لندن+ کراچی (ایجنسیاں) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن محمد انور نے کہا ہے مشرف کو بزدلی کا طعنہ دیتے وقت بلاول بھٹو زرداری یہ نہ بھولیں کہ ان کے والد نے بھی مقدمات سے بچنے کے لئے پاگل پن کے سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کئے تھے۔ لندن سے جاری بیان میں محمد انور کا کہنا تھا کہ بلاول نے مشرف کو دل کا دورہ پڑنے کی خبر پر جو تضحیک آمیز تبصرہ کیا ہے وہ بہت افسوسناک ہے جس پر ہر ذی شعور پاکستانی کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کسی کے رویہ اور کردار پر کیچڑ اچھالنے سے پہلے اپنے اہل خانہ کے کردار پر نظر ڈالیں تو یہ ان کے حق میں بہتر ہو گا۔ مشرف کو بزدلی کا طعنہ دینے سے پہلے بلاول یہ نہ بھولیں کہ ان کے والد اپنے خلاف مقدمات سے اس قدر خوف و ہراس کا شکار ہوئے تھے کہ ان کے وکلا نے ان کی عدالت میں پیشی سے بچنے کےلئے سوئس عدالت میں پاگل پن کے سرٹیفکیٹس پیش کئے تھے۔ دوسری جانب الطاف حسین نے مشرف کی علالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے ان کی صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل کی ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ مشرف ایک بہادر اور محب وطن شخص ہیں۔ ان کی علالت باعث تشویش ہے۔ خدا تعالیٰ جلد صحت یابی عطا فرمائے۔ رابطہ کمیٹی نے مشرف کے وکلاءکو دھمکیوں کی مذمت کرتے کہا ہے یہ غیرمہذب فعل ہے۔ پرویز مشرف کے وکلاءکو ہراساں کرنے کا نوٹس لیا جائے۔ ایم کیو ایم سنٹرل پنجاب کمیٹی نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کا مشرف کو بزدلی کا طعنہ افواج پاکستان کو بزدل قرار دینے کے مترادف ہے۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی بیماری کا مذاق نہیں اڑانا چاہئے، ہم جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں، غداری مقدمے کا صاف شفاف ٹرائل ناگزیر ہے تاکہ عدالت کی ساکھ اور حکومت کی نیت پر کوئی سوال نہ اٹھ سکے۔
متحدہ

epaper

ای پیپر-دی نیشن