ڈاکٹر کیانی نے بتایا مشرف کو بیرون ملک بھجوانے کی ضرورت نہیں: شجاعت
ڈاکٹر کیانی نے بتایا مشرف کو بیرون ملک بھجوانے کی ضرورت نہیں: شجاعت
لاہور (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ق لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے آرمی چیف غدار نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے میڈیا کی جانب سے غداری کے مقدمہ کے بارے میں سوال پر کہا غداری کا لفظ اس کیلئے استعمال کیا جاتا ہے جو ملک دشمنوں سے مل جائے، اسے پاک فوج کے سابق سربراہ کے خلاف استعمال کرنا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا پرویزمشرف کے خلاف کیس کو ان کی بیماری سے نہیں ملانا چاہئے، اس کیس سے کچھ نہیں نکلے گا یہ ایک سیاسی کیس ہے اس موقع پر اس کی ضرورت نہیں تھی، میں ماہر قانون نہیں لیکن ان کے وکلاءکا مو¿قف ہے ان کیخلاف کیس کی سماعت فوجی عدالت میں ہونی چاہئے۔شجاعت حسین نے پرویز مشرف کی بیماری کے بارے میں سوال پر بتایا ان کی کئی سال سے مشرف سے بات نہیں ہوئی، ان کے ڈاکٹر جنرل اظہر کیانی سے بات ہوئی ہے انہیں دل کی تکلیف ضرور ہوئی تھی لیکن اب حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا ملک کا اصل مسئلہ مہنگائی ہے میں نے اس پر تمام سیاسی جماعتوں کی گول میز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا ہے مناسب ہے میڈیا بھی اپنی زیادہ توجہ مہنگائی اور دیگر عوامی مسائل پر دے۔ انہوں نے ایمرجنسی پر مشورہ کے بارے میں سوال پر کہا میں نے عدلیہ کو نکال کر ایمرجنسی لگانے والی بات کی تھی۔ میرا بیان مشرف کی حمایت والی بات نہیں بلکہ میں نے اصولی بات کی تھی۔ انہوں نے کہا لال مسجد پر میری رائے وہی ہے جو پہلے تھی اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی نہ ہی میرے حالیہ بیان کا اس معاملہ سے کوئی تعلق ہے۔ انہوں نے آرمی اور عوام میں پرویز مشرف کی حمایت کے بارے میں کہا وہاں ان کے حامی ہوں گے فوج کے ساتھ کھڑا ہونے کے بارے میں ان کے بیان کی فوج کی جانب سے تردید نہیں کی گئی تو یہ وہی بتا سکتے ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی، این این آئی، آن لائن کے مطابق شجاعت حسین نے کہا ڈاکٹر کیانی کے مطابق پرویز مشرف کو بیرون ملک بھیجنے کی ضرورت نہیں۔ آئی این پی کے مطابق ایک انٹرویو میں شجاعت حسین نے کہا مشرف کے خلاف غداری کے مقدمہ سے کچھ نہیں نکلے گا البتہ یہ پنڈورا بکس ملک میں انتشار اور عدم استحکام پیدا کرے گا‘ حکومت کو چاہئے نان ایشوز میں نہ الجھے، ہم نہیں چاہتے نوازشریف حکومت ناکام ہو ‘ مہنگائی، بیروزگاری کے طوفان کے آگے بند نہ باندھا گیا تو یہ سب کچھ بہا لے جائے گا‘ غریب بجلی کے میٹر اتروانے پر مجبور ہو رہا ہے، بجلی کے بل سے لگنے والے جھٹکے بہت کچھ ہلا دیں گے‘ امریکہ طالبان سے مفاہمتی عمل کے خلاف نہیں، حکومت سنجیدگی اختیار کرے اور مذاکرات کے حوالہ سے اچھی خبر دے‘ فوج وہی چاہتی ہے جو حکومت کہے گی ورنہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے فوج دہشتگردوں سے نہیں نمٹ سکتی۔ انہوں نے کہا مشرف کے خلاف مقدمہ بڑا نان ایشو تھا جس کا مقصد نوازشریف کی حکومت کا رخ تبدیل کرنا تھا سو کر دیا گیا‘ انہیں ووٹ دینے والے شرمندہ نظر آتے ہیں، نوازشریف کو چاہئے مہنگائی کا بندوبست کریں ہم تعاون کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا ایک بات یقین سے کہتا ہوں مشرف کے خلاف جو ہو رہا ہے جو ہونے جارہا ہے اس میں نہ انہیں پھانسی لگنی ہے نہ سزا ملنی ہے۔
چودھری شجاعت