ٹانک: پولیس کی گاڑی پر ریمورٹ کنٹرول بم سے حملہ‘ ایک اہلکار جاں بحق‘ 3 زخمی
ٹانک+ ہنگو+ پشاور (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز) پولیس کی گاڑی پر ریموٹ بم سے حملہ میں ایک اہلکار جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹانک جنڈولہ روڈ پر گرہ پتھریل کے قریب نامعلوم حملہ آوروں نے ریموٹ بم نصب کررکھا تھا جو جمعرات کی صبح ساڑھے آٹھ بجے پولیس موبائل وین کے گزرنے کے وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جسے سے کانسٹیبل عزیز اللہ ساکن ہاٹی جاں بحق جبکہ ہیڈ کانسٹیبل اشرف، کانسٹیبل عصمت اور کانسٹیبل رحمت اللہ شدید زخمی ہو گئے۔ تمام زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ٹانک پہنچا دیا گیا۔ سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیر کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ادھر تحصیل ٹل کے علاقہ سکارو سرائے میں فورسز نے 10 کلو وزنی انٹی ٹینک مائن بم برآمد کر لیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر ایک ریڑھی پر چھپایا گیا 10 کلو وزنی بم برآمد کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں ضلع خضدار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ میں ناچ کے تحصیلدار اور گاڑی میں سوار دیگر عملہ بال بال بچ گیا۔ دھماکہ سے چند لمحے قبل تحصیلدار کی گاڑی وہاں سے گزری تھی۔ بم خضدار کے علاقے وڈھ میں سڑک کے کنارے ایک پل پر نصب کیا گیا تھا۔ ادھر چارسدہ میں گورنمٹ گرلز سکول کے گیٹ کے باہر بم دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق بارودی مواد ڈھب بانڈہ میں واقع گورنمنٹ گرلز سکول کے گیٹ کے باہر رکھا گیا تھا۔ دھماکے سے سکول کی دیوار کو نقصان پہنچا۔ علاوہ ازیں یکہ توت کے علاقے سے نامعلوم افراد نے ڈاکٹر کو اغواء کر لیا۔ پولیس کے مطابق اغواء کئے گئے ڈاکٹر فاروق ضیاء ایل آر ایچ میں ٹرینی میڈیکل آفیسر ہیں۔