بااثر لوگ خود کو بالاتر سمجھتے ہیں‘ چھوٹے چور گرفتار‘ کروڑوں کی چوری کرنے والے بے خوف پھرتے ہیں: لاہور ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے بجلی چوری کیس کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ ملک میں بااثر افراد خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ پانچ ہزار چوری کے ملزم کو گرفتار کر لیا جاتا ہے اور کروڑوں کی چوری کرنے والے بے خوف پھرتے رہتے ہیں اور انہیں پوچھا نہیں جاتا۔ فاضل عدالت نے اعجاز نامی فیکٹری مالک کے خلاف ساڑھے تین کروڑ روپے کی بجلی چوری کے مقدمہ میں درخواست ضمانت کی سماعت کی۔عدالت نے سرکاری وکلاء کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا فیکٹری سے بجلی چوری کی گئی جس پر لیسکو نے مقدمہ درج کروا دیا تھا۔ ملزم نے ماتحت عدلیہ میں بھی ضمانت کی درخواست دائر کی جسے مسترد کر دیا گیا مگر تاحال اسے گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملک میں بااثر لوگ خود کو ہر قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں چھوٹے چوروں کو تو گرفتار کر لیا جاتا ہے مگرکروڑوں کی چوری کرنے والوں کو پوچھا بھی نہیں جاتا۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت مسترد کر دی۔