• news

اصغر خان کیس: تین ہفتے گزر گئے، کسی سیاستدان نے نوٹسز کا جواب نہیں دیا

لاہور (میاں دائود/ نیشن رپورٹ) اصغر خان کیس کے حوالے سے ایف آئی اے کی تشکیل دی گئی انکوائری ٹیم نے اس وقت کے آرمی چیف مرزا اسلم بیگ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کی جانب سے مبینہ طور پر تقسیم کئے جانے والے 6 کروڑ میں سے رقوم حاصل کرنے والے سیاستدانوں کو نوٹس جاری کئے مگر تاحال کسی نے جواب نہیں دیا۔ سپریم کورٹ کے حکم پر 3 ہفتے قبل ایف آئی اے کی 4 رکنی ٹیم کو فوج کی جانب سے سیاستدانوں کو 14 کروڑ روپے تقسیم کرنے کے معاملے کی تفتیش کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ ٹیم کے ایک رکن نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے کمیٹی نے 6 دسمبر کو مبینہ طور پر رقوم وصول کرنے والے سیاستدانوں کو وضاحت کیلئے نوٹس بھجوا دیئے تھے مگر اب تک کسی نے بھی جواب نہیں دیا۔ ایف آئی اے ٹیم کے رکن نے بتایا ہمیں ایف آئی اے کے قانون کے مطابق 6 ماہ میں انکوائری مکمل کرنا ہے مگر نوٹس وصول کرنے والے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔ ٹیم اب قانونی تقاضا پورا کرنے کیلئے انہیں دوبارہ نوٹس بھجوائے گی۔ وزارت دفاع نے بھی ائرمارشل اصغر خان کے حوالے سے ریکارڈ ابھی تک وزارت داخلہ کو نہیں بھجوایا۔ اس حوالے سے ٹیم کے پاس اعلیٰ عدلیہ کے ریکارڈ سے رجوع کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔ انکوائری ٹیم کے رکن کے مطابق اس حوالے سے جب آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس کیس پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ ایف آئی اے کی انکوائری کے کسی بھی نتیجے کا سامنا کرینگے۔ مرزا اسلم بیگ نے بھی فون پر کوئی وضاحت دینے سے انکار کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن