رجسٹریشن نہ کرانے پر ضلعی حکومت کو نیلام شدہ 29 گاڑیوں کے پیسے واپس کرنا پڑے
لاہور (شعیب الدین سے) ضلعی حکومت کی نیلام کردہ 119 گاڑیوں میں سے 29 گاڑیوں کے پیسے ضلعی حکومت کو خریداروں کو واپس کرنا پڑ گئے۔ باخبر ذرائع کے مطابق ضلعی حکومت کے شعبہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی گاڑیاں، کنٹینرز، ٹرک، آرم رولر اور دیگر سامان لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ’’ورثے‘‘ میں ملا تھا۔ ترک کمپنیاں اپنا سامان جیسے جیسے لاتی گئیں، شعبہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پرانا سامان اضافی ہو گیا۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے یہ سامان ضلعی حکومت کو واپس کرنے کی بجائے کنٹینر پرانے لوہے کی قیمت پر فروخت کر دیئے اور 445 مزدا ٹرکوں، گاڑیوں، آرم رولرز، ٹریکٹرز ٹرالیوں کی نیلامی کا اعلان کیا۔ نیلامی کیلئے مخصوص 4 دنوں میں صرف ایک تہائی گاڑیاں 119 کی نیلامی کیلئے پیشکش وصول ہوئیں مگر بعد میں ان 119 میں سے 29 گاڑیوں کے خریداروں نے گاڑیاں واپس کر دیں اور اپنی جمع کرائی گئی رقم واپس لے لی۔ ان خریداروں کا کہنا تھا ضلعی حکومت ان گاڑیوں کو رجسٹریشن کے بغیر استعمال کرتی رہی جس کیلئے جعلی کاغذات استعمال کئے گئے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اب ان گاڑیوں کی رجسٹریشن کرنے پر تیار نہیں۔