مریدکے: موم بتی نے گھر جلا دیا‘ 4 بہن بھائی جھلس گئے‘ رنگ محل میں آتشزدگی‘ معمر شخص زندہ جل گیا
لاہور+ مریدکے (نامہ نگاران) رنگ محل کے علاقے میں 3 منزلہ عمارت میں گیس ہیٹر سے آگ لگنے کے باعث معمر شخص جھلس کر جاں بحق ہوگیا جبکہ مریدکے میں لوڈشیڈنگ کے دوران موم بتی سے گھر میں آگ لگ گئی جس کے باعث 4 کمسن بہن بھائی بری طرح جھلس گئے۔ تفصیلات کے مطابق رنگ محل کے علاقہ میں شاہ عالم مارکیٹ کے قریب واقع بلڈنگ کی تیسری منزل پر 70 سالہ معمر شخص عبدالباسط اکیلا ہی رہائش پذیر تھا۔ عبدالباسط سردی کی شدت کم کرنے کیلئے گیس کا ہیٹر جلا کر سو گیا۔ اس دوران چادر ہیٹر پر جا گری جس سے آگ لگ گئی۔ لوگوں نے دھواں دیکھ کر اوپر جا کر دیکھا تو عبدالباسط جھلسنے کے باعث شدید زخمی ہو چکا تھا جبکہ ہزاروں روپے مالیت کا سامان بھی جل کر راکھ ہوگیا۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور عبدالباسط کو ہسپتال پہنچا دیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کر دی۔ ادھر مریدکے میں سابق ناظم مریدکے ٹائون چودھری ندیم نواز چھینہ کے گھر کے ساتھ ہی بھولی مصلی نامی شخص کے گھر اسکی بیوی نے رات کے وقت لوڈشیڈنگ کے دوران موم بتی جلائی اور کسی کام سے گھر سے باہر چلی گئی جبکہ اس کے 4 معصوم بچے گھر میں موجود تھے جن کی عمریں بالترتیب 2، 3، 4 اور 5 سال بتائی جاتی ہیں کہ اس دوران موم بتی رضائی کے اوپر گر گئی جس کی وجہ سے اسکی 5 سالہ بیٹی اور 4 سالہ بیٹا شدید جھلس گئے جبکہ سوئے ہوئے دوسرے 2 سوئے بچے بھی جل گئے جبکہ گھر کا سارا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر والدین گھر پہنچے تو بچے جھلس کر شدید زخمی ہو چکے تھے۔ واقعہ پر گھر میں کہرام مچ گیا جبکہ زخمی بچوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں 5 سالہ بچی اور 4 سالہ بچے کی حالت نازک بسائی جاتی ہے۔ ماں باپ پر غشی کے دورے پڑتے رہے۔