• news

مشرف کی خبر، عالمی میڈیا پر بریکنگ نیوز نثار نے فوری ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دی مشرف کے مستقبل کے حوالے سے لاکھوں کا جوا حامیوں کی مشرف کیلئے صحتیابی کیلئے دعائیں

 اسلام آباد (ایجنسیاں) سابق صدر  پرویز مشرف کی اچانک ’’بیماری دل‘‘ کی خبر کو عالمی میڈیا نے بھی خوب جگہ دی دنیا بھر کے ٹی وی چینلز نے اس خبر کو بریکنگ نیوز کے طور پر نشر کیاگیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق سابق کمانڈر تیسری بار غداری کیس میں پیش نہ ہو سکے۔ بی بی سی  کے مطابق  پرویز مشرف کو عدالت لے جاتے ہوئے دل کا ’’مبینہ‘‘ دورہ پڑنے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔  اور وہ تیسری بار عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔  الجزیرہ کے مطابق ’’ہارٹ پرابلم‘‘ کی وجہ سے مشرف کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔  مشرف نے سکیورٹی وجوہات کی بناء پر گھر سے   نکلنے سے انکار کر دیا تھا۔ انہیں ہسپتال لے جانا اس بات کا مظہر ہے کہ ان کی حالت کافی خراب ہے۔ دی گارجین نے ویب سائٹ پر سرخی جمائی کہ مشرف تیسری بار پیشی پر نہ آ سکے۔ سکائی نیوز نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا کہ مشرف دل کے مرض میں مبتلا ہو گئے، نیویارک ٹائمز نے لکھا کہ مشرف کو کورٹ سے ملٹری ہسپتال لے جایا گیا۔  دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق مشرف تیسری بار بھی غداری کیس کی سماعت پر عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ وائس آف امریکہ نے لکھاکہ دل کی تکلیف کے باعث پرویز مشرف ہسپتال منتقل کردیئے گئے۔  پرویز مشرف کے روٹ میں اچانک تبدیلی کی اجازت وزارت داخلہ  نے دی وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے پرویز مشرف کی ناسازی طبع پر اجازت دی تھی کہ انہیں فوری ہسپتال منتقل کیا جائے وزارت داخلہ کو اسلام آباد پولیس نے جونہی بتایا کہ پرویز مشرف کو خصوصی عدالت میں پیشی کیلئے لے جایا جا رہا تھا کہ ان کو عارضہ قلب لاحق ہوا جس کی وجہ سے ان کا روٹ تبدیل کیا جا رہا ہے اس کی اجازت دی جائے جس پر پولیس کو خصوصی اجازت دی گئی۔ مشرف کی علالت کی خبر سن کر ان کے حامیوں کی بڑی تعداد گلدستے لیکر اے ایف آئی سی  ہسپتال کے باہر پہنچ گئی جبکہ ان کی صحت یابی کیلئے دعائیں اور نوافل ادا کئے گئے۔  پرویز مشرف کے مستقبل کے حوالے سے سیاسی سمیت دیگر طبقوں میں  نئی بحث شروع ہو گئی پرویز مشرف ملک جائیں گے یا پاکستان میں عدالتوں کا سامنا کریں گے پر لاکھوں کا جوا لگ گیا۔

ای پیپر-دی نیشن