• news

بلوچستان: گیس لیکیج سے دھماکہ، لڑکی جاں بحق، فائرنگ سے تھانیدار سمیت 2 ہلاک

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) پنجگور، مستونگ اور خضدار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تھانیدار سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 ہندو تاجر زخمی ہو گئے جبکہ کوئٹہ میں گھر میں گیس بھر جانے سے گھر تباہ 12 سالہ لڑکی ہلاک جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پشتون آباد کے علاقے عبدالقدوس روڈ پر عبدالرزاق کے گھر میں گیس لیک ہونے سے کمرے میں گیس بھر گئی تھی جیسے ہی عبدالرزاق کی اہلیہ نے ہیٹر جلا نے کیلئے ماچس کی تیلی جلائی تو زور دار دھماکہ ہوا جس سے گھر کے دو کمرے ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ آگ سے جھلسنے اور مکان کے ملبے میں آکر 12سالہ نازیہ بی بی جاں بحق جبکہ 3خواتین سمیت 7افراد زخمی ہو گئے جبکہ دیگر کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا جبکہ ایک دوسرے واقعہ میں کوئٹہ مشرقی بائی پاس کے قریب قائم گیس سپلائی پلانٹ کے ایک کمرے میں گیس بھر جانے سے زوردار دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے کمرے کی دیوار گر گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر پنجگور چتکان بازار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس کے سب انسپکٹر حمل عبدالمالک کو قتل کر دیا۔ علاوہ ازیں مستونگ کے علاقہ کانک بشام میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سکندر سمالانی نامی نوجوان کو قتل کر دیا۔ نامعلوم افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ادھر ضلع خضدار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ اور ناچ کے تحصیلدار اور گاڑی میں سوار دیگر عملہ بال بال بچ گئے دھماکہ سے چند لمحے قبل تحصیلدار کی گاڑی وہاں سے گزری تھی جبکہ خضدار میں فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں  لیویز نوحصار نے ایک مشکوک گاڑی کو ناکے پر روکنے کا اشارہ کیا جس پر گاڑی ناکہ توڑتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر صدر جلال الدین کاکڑ اور لیویز رسالدار اکرام اللہ لیویز فورس کے ہمراہ گاڑی کا تعاقب کیا جس پر گاڑی میں موجود ملزمان نے لیویز اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی لیویز کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم نذیر زخمی ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن