انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ: افغانستان‘ سری لنکا کو شکست‘ پاکستان بھارت کل فائنل کھیلیں گے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) متحدہ عرب امارات میں جاری انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 2 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ افغانستان کرکٹ ٹیم 48.4 اوورز میں 196 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ وحیداللہ شفق 48 اور حشمت اللہ شایدی نے 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کرامت علی نے 5، سلمان سعید نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے ہدف 48.2 اوورز میں 8 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ کپتان سمیع اسلم نے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ شایان جہانگیر صفر، امام الحق 42، حسن رضا جونیئر 33، سعود شکیل 2، حسین طلعت 22، ظفر گوہر 5، سیف اللہ خان 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز بنائے۔ ڈومندو نے 60، کپتان مینڈس نے 52رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت نے ہدف 7 وکٹوںپر پورا کر لیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل کل کھیلا جائیگا۔