یوتھ فیسٹیول‘ پہلے مرحلہ میں 12 لاکھ افراد کی شرکت‘ انٹرنیشنل کرکٹ سرگرمیاں بحال کرینگے: رانا مشہود
لاہور(سپورٹس رپورٹر )صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمدخان نے کہا ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے پہلے مرحلہ میں ریکارڈ 12لاکھ سے زائد افراد کی شرکت نے ایونٹ کو نئی کامیابیوں سے ہمکنار کر دیاہے۔ عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی تصاویر اور ہورڈنگز ان کے آبائی علاقوں میں نصب کئے جائیں گے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے کہاکہ یوتھ فیسٹیول 2014 کے دوران ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں بھی بحال کریں گے۔میچز میں کرکٹ کی دنیا کے بڑے نام ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ لاہور میں سپورٹس سٹی کے منصوبے پرکام جاری ہے ۔ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم فروری میں پاکستان آئے گی جس میں 40 ورلڈ ریکارڈ جبکہ مجموعی طور پر 100 ورلڈ ریکاڈز بنانے کی کوشش کی جائے گی۔چھانگا مانگا میں بسنت کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیںاس ضمن میں خصوصی ڈور تیار کی گئی ہے۔ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو آئندہ سال بسنت لاہور میں ہوگی۔