ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان 383 پر آئوٹ‘ سری لنکا کی برتری7 رنز‘ 6 وکٹیں باقی
ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک )متحدہ عرب امارات میںپہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا کو پاکستان پر 7 رنز کی برتری حاصل ہوگئی جبکہ اس کی6 وکٹیں باقی ہیں۔ کوشل سلوا اور سنگاکارانے نصف سنچریاں بنائیں۔ سری لنکا نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 186 رنز بنا لیے تھے۔سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز کرونارتنے تھے جنھیں جنید خان نے بولڈ کیا۔ سنگاکارا اور کوشال سلوا نے دوسری وکٹ کیلئے99 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ بلاول بھٹی نے کیا۔جے وردھنے بغیر کوئی رن بنائے بلاول بھٹی کی دوسری وکٹ بنے۔سنگاکارا نے دوسری اننگز میں نصف سنچری بنائی۔ کوشل سلوا اختتامی لمحات میں جنید خان کی گیند پر وکٹ کیپرعدنان اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم تیسرے دن پہلے سیشن میں اپنی پہلی اننگز میں 383 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے سری لنکا پر 179 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ مصباح الحق اور اسد شفیق نے اننگز دوبارہ شروع کی تو اسد شفیق زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ ان کے بعد پاکستانی لوئر آرڈر کے بلے باز بھی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے۔کپتان مصباح الحق 135 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔ ارنگا اور ہیراتھ نے تین، تین، لکمل نے دو جبکہ میتھیوز نے ایک وکٹ لی۔سری لنکن بلے باز جنید خان اور بلاول بھٹی کی فاسٹ بائولنگ کے سامنے بے بس دکھائی دیے تھے۔سری لنکا کی پوری ٹیم میچ کے پہلے ہی دن 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔