• news
  • image

اسلام آباد : موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ‘ اہلسنت و الجماعت کے رہنما مفتی منیر معاویہ اور ساتھی جاں بحق

اسلام آباد : موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ‘ اہلسنت و الجماعت کے رہنما مفتی منیر معاویہ اور ساتھی جاں بحق

اسلام آباد (نوائے وقت + نیٹ نیوز+خصوصی نامہ نگار) نامعلوم افراد نے اہلسنت والجماعت اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل کو ساتھی سمیت فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اہلسنت و الجماعت کے سیکرٹری جنرل مفتی منیر معاویہ سیکٹر آئی ایٹ تھری میں واقع مسجد مدرسہ معاذ بن جبل سے اپنے ساتھی اسد محمود کے ہمراہ کار ایل ایکس بی 6952 میں نکلے ہی تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے اندھادھند گولیاں برسا دیں اور فرار ہو گئے۔ فائرنگ سے مفتی منیر معاویہ اور اسد محمود موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ مفتی منیر کو سر پر دو جبکہ اسد محمود کو چھاتی پر ایک گولی لگی۔ اطلاع ملنے پر اعلیٰ انتظامی حکام اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی جبکہ نعشوں کو ہسپتال پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کردیا۔ اطلاع ملتے ہی اہلسنت و الجماعت کے کارکن وہاں جمع ہو گئے۔ جماعت کے ترجمان حافظ انیب فاروقی نے مفتی منیر معاویہ اور انکے ساتھی کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مفتی منیر جمعرات کو ہی اڈیالہ جیل سے رہا ہوئے تھے اور جی نائن سیکٹر میں نماز جمعہ پڑھانے کے بعد آئی ایٹ گئے تھے۔ واضح رہے کہ سانحہ راولپنڈی کے بعد مفتی منیر سمیت اہلسنت والجماعت کے کئی رہنماﺅں کو پولیس نے راولپنڈی اور اسلام آباد سے حفاظتی تحویل میں لے لیا تھا۔ دریں اثنا اہلسنت والجماعت کے کارکنوں نے مفتی منیر اور انکے ساتھی کے قتل کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے میتوں کے ہمراہ مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا جس سے شکرپڑیاں سے فیض آباد تک ہائی وے پر ٹریفک جام ہو گیا۔ اہلسنت و الجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے دونوں رہنما¶ں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد آزاد گھوم رہے ہیں حکومت ہمارے کارکنوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی۔ اگر حکمران سنجیدہ ہیں تو آج ہماری جماعت کے ذمہ داروں کے قاتلوں کو گرفتار کریں۔ اہلسنت و الجماعت کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا مسعودالرحمن عثمانی نے کہا کہ مفتی منیر معاویہ اور اسد محمود کی نماز جنازہ آج صبح 10 بجے اقوام متحدہ دفتر کے سامنے ادا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دھمکیوں کے باوجود مفتی منیر کو سکیورٹی نہیں دی گئی، ہم نعشیں اٹھا اٹھا کر تنگ آ چکے، ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں مفتی منیر معاویہ اور اسد محمود کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردی کی بڑھتی وارداتیں حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ بیرونی قوتیں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانا چاہتی ہیں۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ترجمان نے مفتی منیر اور اسد محمود کے قتل کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی طاقتیں آگ و خون کا کھیل کھیل کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہیں۔ ملک میں شیعہ سنی کوئی جھگڑا نہیں۔ وفاق المدارس العربیہ کے ترجمان نے مفتی منیر معاویہ اور ان کے ساتھی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت علماءکے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔ اگر قتل و غارت نہ روکی گئی تو حالات قابو سے باہر ہو جائیں گے۔ دریں اثناءآئی ٹین سیکٹر میں موٹرسائیکل سوار افراد نے فائرنگ کرکے ایک پولیس اہلکار کو قتل، دوسرے کو شدید زخمی کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے مشکوک جان کر موٹرسائیکل سواروں کو روکنا چاہا اور نہ رُکنے پر پیچھا کیا تو انہوں نے گولیاں برسا دیں۔
اسلام آباد / فائرنگ

epaper

ای پیپر-دی نیشن