• news
  • image

سفارش کلچر کینسر بن گیا ہر صورت ختم کرینگے‘ مذہب‘ رنگ اور نسل کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہونے چاہیں : نوازشریف

سفارش کلچر کینسر بن گیا ہر صورت ختم کرینگے‘ مذہب‘ رنگ اور نسل کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہونے چاہیں : نوازشریف

حیدر آباد (ایجنسیاں) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں سفارش کے کینسر کو ختم کرکے میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانا ہو گا، مذہب رنگ اور نسل کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہونے چاہئیں‘ نوجوانوں کو کاروباری قرضے میرٹ پر ملیں گے، میری سفارش بھی نہیں چلے گی، ماضی میں سیاسی جماعتوں اور گروپوں کو 20، 20 ارب دئیے گئے، غریبوں کو کسی نے نہیں پوچھا، قرض سکیم کی شرائط کو مزید آسان بنا دیا گیا ہے، یقین ہے نوجوان رقوم واپس بھی کریں گے۔ حیدر آباد میں قرض سکیم کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں معاشرے کا فرض ہے کہ کسی بچے کو تعلیم سے محروم نہ رہنے دیں۔ نوجوانوں کیلئے نوجوان قرضہ سکیم سے کاروبار کرنے سے ملک کو فائدہ ہو گا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ منصوبہ کامیاب ہو گا۔ بعض لوگ ٹی وی چینلوں میں آ کر کہتے ہیں کہ پیسہ ضائع کیا جا رہا ہے، پیسہ واپس نہیں ہو گا حالانکہ نوجوانوں کی آبادی 60 فیصد ہے، نوجوانوں کے بارے میں ایسے الفاظ کہنا مناسب نہیں، نوجوان مت گھبرائیں، اللہ آپ کے ساتھ ہے اور میں بھی آپ کے ساتھ ہوں، مجھے یقین ہے کہ آپ میرے اعتماد پر پورا اتریں گے، آپ نوجوان نیک نیتی کے ساتھ قرضہ واپس کرینگے مجھے نوجوانوں کی دیانت پر بھروسہ ہے اور مجھے ان کی صلاحیتوں پر اعتماد بھی ہے۔ والدین نے اپنے بچوں کو اپنا پیٹ کاٹ کر پڑھایا ہم چاہتے ہیں کہ ان کے گھروں میں بھی خوشحالی آئے اور ان کے بچے قرضہ سکیم سے مستفید ہو کر معاشرے کا اچھا شہری بن سکیں۔ ییلو کیf سکیم کا 99 فیصد ریکوری ریٹ تھا، ہم نے قرضہ سکیم میں کچھ آسانیاں پیدا کی ہیں کیونکہ یہ پاکستان کے مستقبل کے معماروں کا پروگرام ہے۔ قرضہ سکیم سے برآمدات بڑھیں گی، شرح نمو میں اضافہ ہو گا، ماضی میں ایک ایک پارٹی اورگروپ کو 20 ارب روپے قرضہ دیا گیا، بڑے لوگوں کو تو قرضے ملے غریب کو کسی نے نہیں پوچھا۔ قرض سکیم سفارش سے پاک ہو گی، شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا، کسی کو قرضہ دلانے کا اختیار مجھے بھی نہیں۔ پاکستان سے سفارش کے کلچر کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہے۔ قرض کے لئے جو درخواست دی گئی ہے اگر وہ میرٹ پر نہیں تو اس کی وجہ بھی ساتھ لکھی جائے گی جہاں کہیں بھی ناانصافی ہوئی تو چیک کیا جائے گا۔ اگر کہیں کوتاہی ہوئی تو اس کا ازالہ کیا جائے گا، گزشتہ دور حکومت سے ہی نوجوانوں کیلئے قرضہ سکیم میرے ذہن میں تھی۔ کراچی میں سرکلر ریلوے بنے گی مجھے یقین ہے کہ یہ منصوبہ کامیابیوں سے ہمکنار ہو گا۔ اس ضمن میں جرمنی سے بات چیت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ قبل ازیں نواز شریف حیدر آباد پہنچے تو وزیراعلی سندھ، چیف سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ نے ان کا استقبال کیا۔
نواز شریف

epaper

ای پیپر-دی نیشن