مودی کا وزیراعظم بننا تباہ کن ہو گا‘ امید ہے مدت پوری ہونے سے پہلے پاکستان جاﺅنگا : منموہن
مودی کا وزیراعظم بننا تباہ کن ہو گا‘ امید ہے مدت پوری ہونے سے پہلے پاکستان جاﺅنگا : منموہن
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ معصوم لوگوں کے قتل کی پشت پناہی کرنے والا شخص وزیراعظم نہیں بننا چاہئے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے ہمسائے ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات جاری رکھیں گے۔ قومی سلامتی اور دفاع کے شعبوں میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔ اگر انتخابات میں نریندر مودی وزیراعظم بنے تو یہ بھارت کیلئے تباہ کن ہوگا۔ ملک ٹوٹ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، بھارت کے تعلقات میں بہتری خطے کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی وزارت عظمیٰ کی مدت پوری ہونے سے پہلے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے اچھے اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ پاکستان جانے پر متعدد بار غور کیا لیکن حالات سازگار نہیں تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی انتخابات میں شکست کا میں ذمہ دار نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں تیسری مدت کیلئے وزیراعظم نہیں بنوں گا اور کانگریس کی طرف سے راہول گاندھی موزوں امیدوار ہو سکتے ہیں، مجھے اقلیتوں کے لئے مناسب اقدامات نہ کرنے پر افسوس ہے، ایک سوال پر من موہن سنگھ نے کہا کہ غربت، جہالت اور بیماریوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے بھارت اور پاکستان کے اچھے تعلقات ضروری ہیں۔ جنرل پرویز مشرف کے دور اقتدار میں دونوں ملک باہمی تعلقات میں اہم پیش رفت کے قریب پہنچ گئے تھے لیکن پاکستان میں قیادت کی تبدیلی اور بعض دیگر واقعات کی وجہ سے بات آگے نہیں بڑھ سکی۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء کے پارلیمانی انتخابات کے بعد وہ وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار نہیں ہوں گے۔ من موہن سنگھ نے کہا کہ جہاں تک میرے لئے ممکن تھا میں نے ہمسایہ ممالک سے تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کی ہے۔ میری بہت خواہش ہے کہ میں پاکستان جاﺅں، میں وہاں پیدا ہوا تھا، لیکن بحیثیت وزیراعظم میں اسی صورت میں جا سکتا ہوں جب کسی ٹھوس پیش رفت کےلئے حالات سازگار ہوں۔ انہوں نے کہا اگر مضبوط وزیراعظم بننے کا مطلب یہ ہے کہ میری نگرانی میں احمد آباد کی سڑکوں پر فساد ہوں تو میں ایسا مضبوط وزیراعظم نہیں بننا چاہتا۔
منموہن سنگھ