عدالت جاتے ہوئے مشرف کا جسم ٹھنڈا پڑنے لگا‘ سینے اور بازو میں درد محسوس ہوا
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + اے این این) سابق صدر پرویز مشرف کو دل کی تکلیف تھانہ بنی گالہ کے قریب ہوئی، درد کی شکایت پر بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کی گولی بھی دی گئی تھی۔ اندرونی کہانی کے مطابق پرویز مشرف اپنے گھر سے عدالت جانے کے لئے نکلے تو انہیں کوئی تکلیف نہیں تھی تاہم جب ان کی گاڑی تھانہ بنی گالہ کے قریب پہنچی تو جسم ٹھنڈا پڑنے لگا، سابق صدر نے سینے اور بازو میں درد کی شکایت کی تو ان کے ساتھ موجود میڈیکل ٹیم نے بلڈ پریشر کنٹرول کرنے والی گولی ان کی زبان کے نیچے رکھی تھی۔ بعدازاں سابق صدر کو عدالت سے ڈیڑھ کلومیٹر دور سے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی لے جایا گیا۔ سابق صدر صبح ساڑھے 9 بجے سے عدالت جانے کیلئے تیار بیٹھے تھے۔ طبیعت خراب ہونے کے بعد صہبا مشرف کو ائیر پورٹ سے واپس بلا لیا گیا جو دبئی کیلئے گھر سے نکلی تھیں۔