شہباز شریف جو وعدہ کرتے ہیں اسے نبھاتے بھی ہیں، فیصل آباد کے تاجروں کا خراج تحسین
لاہور (خصوصی رپورٹر) فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر، عہدیداروں اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے جس طرح صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لی ہے، ماضی میں اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ شہباز شریف نے موسم سرما میں ٹیکسٹائل کی صنعت کیلئے گیس کی فراہمی کو یقینی بنا کر بہت شاندارکارنامہ سرانجام دیا ہے جس کی ماضی قریب میں کوئی مثال نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی جانب سے جی ایس پی پلس کا درجہ دلوانے میں کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف جو وعدہ کرتے ہیں اسے ضرور پورا کرتے ہیں۔ شہباز شریف کی یہ خوبی دیگر وزراء اعلیٰ سے ممتاز رکھتی ہے۔ عوام دل و جان سے شہباز شریف سے محبت کرتی ہے اوران کے ترقیاتی کاموں کی معترف ہے۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیراعلیٰ کو چیمبر کی 40سالہ تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ نے وسائل میں اضافے پر گفتگو کرتے ہوئے صنعتکاروں پر زور دیا کہ تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، وسائل میں اضافے کیلئے صنعتکاروں اور تاجروں کو حکومتی کاوشوں کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔