مشرف کو کوئی تکلیف نہیں، وہ پیر کو باہر چلے جائیں گے: راجہ ریاض
فیصل آباد (ثناء نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب راجہ ریاض احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ پرویز مشرف پیر کو ملک سے باہر چلے جائیں گے، وزیر داخلہ کا کڑا امتحان شروع ہو گیا ہے۔ پرویز مشرف کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں عوام کیساتھ ڈرامہ کیا جا رہا ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خود کو طاقتور اور غرور والا آدمی سمجھنے والے وزیر داخلہ چودھری نثار کا کڑا امتحان شروع ہو گیا ہے، اب وزیراعظم نوازشریف اور چودھری نثار پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ اور ٹرائل کرائیں پتہ چل جائے گا یہ کتنے دلیر ہیں۔ اگر مشرف کو بیرون ملک جانے دیا تو جب بھی ملک میں جمہوری حکومت ختم ہوئی اور مارشل لا لگا تو اس کے ذمہ دار نواز شریف ہونگے۔ مشرف کو باہر نہ جانے دیا جائے۔ جمہوریت کے لئے اور مارشل لا روکنے کیلئے حکومت قدم اٹھائے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ سعودی عرب سے وفد آئے اور مشرف کو ساتھ لیجائے جیسے نواز شریف کو لے گئے تھے۔