وینا کیساتھ فلم میں کام نہیں کرونگا، اسے فنکاریاں بھول گئیں، مجھے آ گئیں: محمد آصف
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ ایجنسیاں) فاسٹ باؤلر محمد آصف نے کہا ہے کہ میرا کوئی پیسہ لیکر نہیں بھاگا اور نہ ہی میں نے کسی کو کوئی پیسہ دیا ہے۔ وینا ملک پوری قوم کی بیٹی تھی اچھا ہوا اس کی شادی ہو گئی۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف کا کہنا تھا کہ سپاٹ فکسنگ میں جو کچھ ہوا اس پر قوم سے معافی مانگ چکا ہوں، انشاء اﷲ کرکٹ میں کم بیک کر کے پاکستان ٹیم کا حصہ بننے کی کوشش کرونگا۔ اپنی فٹنس کو بحال رکھنے کے لئے ٹریننگ کر رہا ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں محمد آصف نے کہا کہ وینا سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے اور پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ کسی بھی فلم میں اس کے ساتھ کام نہیں کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ دعا گو ہوں کہ وینا ملک کی شادی کامیاب رہے۔ 2014ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ہمارے بارے میں کوئی فیصلہ آ سکتا ہے جس میں ہمیں کوئی ریلیف مل جائے گا۔ آئی این پی کے مطابق محمد آصف نے کہا ہے کہ وینا ملک جیسی تھرڈ کلاس اور سی کلاس لڑکی کے ساتھ فلم کرنا اپنی توہین سمجھوں گا‘ وینا ملک کو ان کی شادی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں‘ وینا خود تو فنکاریاں بھول گئی اور مجھے فنکاریاں آ گئی ہیں‘ انڈیا میں لاہور کا ڈائریکٹر نہ تو میرے پیسے لے کر بھاگا ہے اور نہ ہی میں اسے ایسا کرنے دوںگا‘ بھارتی فلم ’’انڈیا میں لاہور‘‘ عید الفطر پر ریلیز کی جائے گی۔