• news

پاکستان بھارت میں پانی کی منصفانہ تقسیم کا منصوبہ ضروری ہے: شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (آن لائن + آئی این پی) بھارتی ہائی کمشنر ڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات، دوطرفہ دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ تحریک انصاف کے رہنما نے بھارتی سفیر کو چیئرمین عمران خان کے حالیہ دورہ بھارت سے آگاہ کیا۔ انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جوہری صلاحیت کے حامل ہمسایہ ممالک کے دورمیان پر امن تعلقات کی خواہاں ہے اور مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے تمام تصفیہ طلب امور کے حل پر یقین رکھتی ہے۔ اسکے ساتھ انہوں نے خطے کی صورتحال اور افغانستان سے نیٹو اور ایساف افواج کے ممکنہ انخلا پر تبصرہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ علاقائی حکمت عملی بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان پانی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کو مسئلے کی نزاکت کا احساس کرنا چاہئے اور پانی کی تقسیم کے منصفانہ، جامع اور قابل عمل منصوبے کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے بین الاقوامی جنگ بندی (ایل او سی) کے ساتھ پانی کے ذخائر بشمول کشن گنگا ڈیم کی تعمیر کے بارے میں تحریک انصاف کے موقف پر بھی روشنی ڈالی۔

ای پیپر-دی نیشن