کالا باغ ڈیم پر ہمارا موقف واضح ہے‘ اتفاق رائے کے بغیر تعمیر ممکن نہیں: عمران
اسلام آباد (این این آئی+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین کی جانب سے کالا باغ ڈیم پر تحریک انصاف کے اصولی موقف کو جان بوجھ کر متنازعہ بنانے کی کوششوں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے تحریک انصاف کا موقف بالکل واضح ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں پانی کے ذخائر قومی اتفاق رائے دہی سے تعمیر کئے جائیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر اس وقت تک غور کیا جانا ممکن نہیں جب تک اس کی حمایت میں وسیع تر اتفاق رائے قومی سطح پر نہیں اْبھرتا۔ ان کا کہنا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی جیسی جماعتیں جو کہ گذشتہ پانچ برس تک خیبر پی کے میں عوام کی خدمت میں یکسر ناکام رہیں اب تحریک انصاف کے واضح اور اصولی موقف کو مسخ کر کے اپنے آپ کو سیاسی طور پر زندہ رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے واضح کیا ایسا کوئی بھی منصوبہ جو صوبائی اکائیوں کے مابین نفرت اور تقسیم کی بنیاد بنتا ہو ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہو سکتا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ تحریک انصاف قومی سطح کی جماعت ہے اور ملک میں بسنے والے تمام طبقات کے تحفظ اور قومی اتفاقِ رائے سے معاملات حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاہے کہ دہشت گردی ‘مہنگائی ، بے روزگاری سمیت قومی مسائل کے حل کیلئے حکمرانوں کا کوئی ویژن نظر نہیں آرہا‘ دہشت گردی طاقت کے استعمال سے نہیں مذاکرات کے ذریعے ہی ختم ہو سکتی ہے‘ تحریک انصاف ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی اور حکمرانی چاہتی ہے‘ بلدیاتی انتخابا ت عدلیہ کی نگرانی میں ہی کروائے جانے چاہئیں ہم کسی بھی صورت بلدیاتی انتخابات میں 11مئی جیسی دھاندلی برداشت نہیں کرینگے۔ دریں اثناء عمران خان نے پارٹی رہنمائوں کا اجلاس اسلام آباد سے طلب کر لیا۔ اجلاس میں پنجاب کے ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی شرکت کریں گے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے اور کابینہ کے ارکان بھی مدعو کیا گیا ہے۔