ملک میں انقلاب الیکشن نہیں عوام کے ذریعے آئیگا: طاہر القادری
ملک میں انقلاب الیکشن نہیں عوام کے ذریعے آئیگا: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ انقلاب عوام کے ذریعے آئیگا، پارلیمنٹ کے فلور پر بیٹھے ٹیکس چوروں، قرض خوروں اور لٹیروں کے ذریعے نہیں، ملک میں اس وقت سیاست اور تجارت ایک جگہ اکٹھی ہےں۔ نام نہاد جمہوریت کے حامی جمہوریت کا مذاق اڑا رہے ہیں، انقلاب عوام کی طاقت سے آئیگا کیونکہ چوروں اور لٹیروں کو انقلاب کی ضرورت نہیں۔ جنہیں روٹی نہیں ملتی، کپڑے نہیں ملتے، جن لوگوں میں بچوں کی فیس ادا کرنے کی سکت نہیں انقلاب ان کی ضرور ت ہے۔ عوامی تحریک کے انقلاب میں دنیا کی کسی طاقت کا ایجنڈا اور پیسہ شامل نہیںہوگا، ہمیں کوئی ڈکٹیٹ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوگا، مجھے ڈکٹیشن صرف گنبد خضریٰ سے ہے۔ ہمارا انقلاب سبز اور پر امن ہو گا، خون کا ایک قطرہ نہیں بہے گا۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں عوامی تاجر اتحاد کے وفد سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر حاجی محمد اسحاق، سلطان چودھری، حافظ غلام فرید، راجہ ندیم، چودھری افضل گجر اور تاجر رہنماﺅں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن ہائی جیک ہو چکا ہے۔ اب انقلاب الیکشن کے ذریعے نہیں عوام کے ذریعے آئیگا۔ ایسا نظام لائیں گے جس میں جعلی الیکشن اور عدالتوں کا تقدس مجروح نہ ہو گا۔ مجھ پر تنقید کرنے والوں کے جسم پاکستان میں ہیںجبکہ ان کا سرمایہ اور جینا مرنا ملک سے باہر ہے۔ پاکستان کو قائداعظمؒ کا پاکستان بنانے کےلئے جلد پاکستان آﺅں گا۔
طاہر القادری