کراچی سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی‘ انڈیکس 26000 کی نفسیاتی حد عبور کر گیا‘ ایل ایس ای میں مندے کا رجحان
کراچی (مارکیٹ رپورٹر) کاروباری ہفتے کے آخری روزجمعہ کو بھی سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی کے اور کے ایس ای 100انڈیکس 26000کی تاریخی نفسیاتی حدبھی عبور کرگیا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں مزید 31 ارب 71 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 28.21 فیصدکم جبکہ 48.86 فیصد حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی ۔ حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنزکی جانب سے بینکنگ، آئل ،سیمنٹ ،فرٹیلائزر سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 26136پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس سطح پر برقرار نہ رہ سکا تاہم تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 84.53 پوائنٹس اضافے سے 26046.71 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر397کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ، جن میں181 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ194میں کمی جبکہ22 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں31ارب71 کروڑ97لاکھ9 ہزار545 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر62 کھرب 55 ارب 83 کروڑ 70 لاکھ 24 ہزار 565 روپے ہو گئی۔ جمعہ کو کاروباری سرگرمیاں 27 کروڑ 79 لاکھ 88 ہزار 30 شیئرز رہیں، جوجمعرات کے مقابلے میں10 کروڑ 92 لاکھ 43ہزار شیئرزکم ہیں ۔دریں اثناء لاہور سٹاک ایکسچینج میں مندے کا رجحان رہا۔ مجموعی طورپر 126 کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 26 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا‘ 30 کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی جبکہ 70 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 21.37 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 4986.10 پر بند ہوا۔ 24 لاکھ 46 ہزار 600 حصص کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ روز 23 لاکھ 9 ہزار 200 حصص کا لین دین ہوا تھا۔