مشرف کی حالت میں مسلسل بہتری وی وی آئی پی روم منتقل، غیر ملکی ڈاکٹروں کی رائے کا انتظار
مشرف کی حالت میں مسلسل بہتری وی وی آئی پی روم منتقل، غیر ملکی ڈاکٹروں کی رائے کا انتظار
اسلام آباد (آن لائن + آئی این پی) آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی میں زیر علاج سابق صدر پرویز مشرف کی صحت میں مسلسل بہتری آرہی ہے، ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پرویز مشرف کو ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم طبی امداد دے رہی ہے۔ سابق صدر نے رات بھر پرسکون نیند لی اور صبح ہلکا ناشتہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی حالت پہلے سے کافی بہتر ہے تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مزید آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ہسپتال میں سابق صدر کے مختلف ٹیسٹ لئے گئے جن میں سے کچھ کی ابتدئی رپورٹ آچکی ہے ۔ ان رپورٹس کے بعد غداری کیس کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائیگی اور یہ فیصلہ کیا جائیگا کہ پرویز مشرف خود 6 جنوری کو خصو صی عدالت میں پیش ہوں گے یا نہیں۔ میڈیکل رپورٹ صحیح نہ آئی تو خصوصی عدالت سے کیس کے التوا کی استدعا کی جائیگی، التوا کے دورانیہ کا انحصار بیماری کی شدت پر ہوگا۔ سابق صدر کو اب وی وی آئی پی روم میں شفٹ کیا گیا ہے۔ میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ خون کے نمونے مزید تشخیص کیلئے حاصل کئے گئے ہیں۔ سابق صدر کے کمرے میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ منع ہے، کسی کو بھی پرویز مشرف سے ملنے کی اجازت نہیں۔ سابق صدر کے ترجمان میجر جنرل (ریٹائرڈ) راشد قریشی کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی صحت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ پرویز مشرف کے خون کے چند نمونے لئے گئے، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ پرویز مشرف کے خون کی کچھ رپورٹس تیار ہو چکی ہیں۔ بورڈ کو پرویز مشرف کے علاج کیلئے غیرملکی ڈاکٹروں کی رائے کا انتظار ہے، برطانوی اور امریکی ڈاکٹروں کی مشاورت سے مزید علاج کیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگم صہبا مشرف سے پرویز مشرف کی بات بھی کرائی گئی۔ ثناءنیوز کے مطابق پرویز مشرف کے دل کی تین شریانیں بند ہونے کے باعث اینجیوپلاسٹی یا پھر بائی پاس کرانے کی ضرورت پڑیگی۔ نجی ٹی وی کے مطابق سات رکنی میڈیکل بورڈ نے انکے دل کی تین شریانیں بند ہونے کی تصدیق کی ہے جس کے بعد انکا علاج دبئی یا لندن میں علاج کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پرویز مشرف شدید ذہنی دبا¶ کی وجہ سے عارضہ قلب میں مبتلا ہوئے۔ اب تک فوج کے زیرانتظام ہسپتال سے مشرف کی حالت کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ اے ایف آئی سی کے سینئر عہدیداروں نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ مشرف کو جب ایمرجنسی وارڈ میں لایا گیا تھا اس وقت انکی دل کی دھڑکن نارمل نہیں تھی۔ کچھ ٹیسٹ کے بعد انکو نگہداشت کیلئے کارڈیک کیئر یونٹ 2 میں منتقل کردیا گیا تھا، اب ان کی حالت مستحکم ہے۔ حکام نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے رات گئے تک انجیوپلاسٹی کا مشورہ نہیں دیا تھا۔
مشرف / ترجمان