حکومت سے ڈرون حملے ختم کرانے اور طالبان سے مذاکرات کی توقع نہیں: اعتزاز احسن
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما سنیٹر چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے طالبان سے مذاکرات اور ڈرون حملے ختم کرانا پارلیمنٹ کی آواز ہے لیکن بادی النظر میں موجودہ حکومت سے یہ توقع نہیں کہ وہ ڈرون حملے ختم کروا سکے اور طالبان سے مذاکرات کی بیل منڈھے چڑھ سکے۔ وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ایک تقریب میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزرا کے ان دو حوالوں سے بیانات کو دیکھا جائے تو ان میں کھلا تضاد نظر آتا ہے۔ لگتا ہے کہ یہ لوگ کنفیوژن کا شکار ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ضرور ہونے چاہئیں، ان کے ذریعے غریب عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہو سکیں گے۔