دارالعلوم حقانیہ کا پولیو سے متعلق فتویٰ اشتہاری شکل میں شائع کرنا طالبان سے مذاکرات کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا ہے: ترجمان
اکوڑہ خٹک (آئی این پی) جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ طالبان اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لئے مولانا سمیع الحق کے اپنی کوششیں شروع کرنے پر ایک منظم سازش کے تحت پولیو کے حوالے سے دارالعلوم حقانیہ کے فتویٰ کو بار بار ٹی وی اور اخبارات میں شائع کیا جارہا ہے جبکہ پولیو ویکسین کے جواز کے بارے میں ملک بھر کے تمام بڑے مدارس‘ علماء اور مشائخ کے فتوے موجود ہیں‘ مگران کا ذکر نہیں کیا جارہا ۔ ترجمان نے کہا کہ پولیو کے بارے میں فتویٰ کو اشتہارات کی شکل میں شائع کرنا مذاکراتی عمل کو ایک بار پھر سبوتاژ کرنے اور مولانا سمیع الحق اور طالبان کے درمیان دوری پیدا کرنے کے مترادف ہے۔