شیخوپورہ میں کوئلے سے بجلی بنانے کے منصوبے کی منظوری دیدی گئی
لاہور+ شیخوپورہ (نیوز رپورٹر + نامہ نگار خصوصی) حکومت پنجاب نے شیخوپورہ میں کوئلے سے بجلی بنانے کے منصوبے کے قیام کی منظوری دیدی ہے اور اس بارے میں محکمہ انرجی پنجاب نے کول فائرڈ پاور پروجیکٹ کے قیام کیلئے ایک ہزار ایکڑ اراضی کے حصول کیلئے محکمہ مال شیخوپورہ سے رابطہ کرلیا ہے۔ ذرائع نے بتایا اس اراضی کا انتخاب این ٹی ڈی سی کے ماہرین کی سروے رپورٹ کی بنیاد پر کیا جائیگا اور حکومت پنجاب اس منصوبے میں سرمایہ کاری کرنیوالے سرمایہ داروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کریگی۔ محکمہ انرجی نے اندازہ لگایا ہے کہ ایک ہزار ایکڑ پر 660 میگاواٹ کے 2 کول فائرڈ پاور پروجیکٹ لگائے جا سکتے ہیں جن کیلئے اراضی کی ایکوزیشن کا کام جلد شروع ہونے کی توقع ہے۔