• news

شیڈول کے مطابق پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات ممکن نہیں‘ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

اسلام آباد (خبرنگار +ایجنسیاں)  الیکشن کمشن  نے بلدیاتی  انتخابات  کے حوالے سے گائیڈ لائن لینے کے لئے  سپریم کورٹ  سے رجوع کر لیا ہے۔ سپریم کورٹ  الیکشن کمشن  کی  درخواست  پر سماعت  کل 8 جنوری کو کرے گی۔  الیکشن کمشن  نے  موقف اختیار کیا ہے کہ لاہور  ہائیکورٹ  کی طرف سے حلقہ بندیاں  کالعدم قرار دینے اور  سندھ ہائیکورٹ  جو پہلے ہی بلدیاتی  قانون   میں ترامیم  کو غیر آئینی قرار دے چکی ہے کے بعد بہت سے قانونی پیچیدگیاں پیدا ہو گئی ہیں،  ان حالات  میں دونوں صوبوں  میں بلدیاتی  انتخابات  کرانا ممکن نہیں رہے لہذا  سپریم کورٹ  الیکشن  کمشن  کی رہنمائی کرے، سندھ حکومت نے سپریم کورٹ  کراچی رجسٹری  برانچ میں پہلے ہی  رجوع کر رکھا ہے۔ عدالت عظمیٰ  سے اپیل  کی گئی  ہے کہ وہ ہائی کورٹس  کے فیصلوں  پر انتخابات  سے متعلق احکامات جاری کرے۔  دونوں صوبوں  میں بلدیاتی  انتخابات  کی تاریخ میں تبدیلی  کا معاملہ اہم  نوعیت کا ہے،  اگر اس درخواست  کو جلد نہ سنا گیا تو کئی مسائل پیدا ہوں گے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت  نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد بلدیاتی انتخابات کی صورتحال پر الیکشن کمشن سے رابطہ  کر لیا ہے جبکہ الیکشن کمشن نے تفصیلی فیصلہ آنے تک الیکشن موخر کرنے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے الیکشن کمشن سے  درخواست کی  ہے  کہ  ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد 30 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے صورتحال واضح کی جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن